Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / مسجد حرام : بریل زبان میں چھ جلدوں میں قرآن پاک تیار

مسجد حرام : بریل زبان میں چھ جلدوں میں قرآن پاک تیار

مکۃ المکرمہ۔ 4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے ماہ مقدس کے دوران حجازمقدس تشریف لانے والے اللہ کے مہمانوں کو ہرممکن سہولت اور آسانی بہم پہنچانے کا تہیہ کیا ہے۔ ان سہولیات میں قرآن پاک کی غیرملکیوں کی زبانوں میں تراجم کے ساتھ ساتھ نابینا افراد کیلیے بریل [اشاروں کی زبان میں تیار کردہ] قرآنی نسخے بھی تیارکیے ہیں جنہیں اس سال ماہ صیام کے دوران مسجد حرام میں پیش کیا جائے گا۔’العربیہ ‘ کے مطابق مسجد حرام میں کتب اور قرآن پاک کی تقسیم کے شعبے کے ڈائریکٹر الشیخ محمد بن ریال السیلانی نے بتایا کہ آئندہ ایام میں ماہ صیام کے دوران مسجد حرام میں قرآن پاک کے 10 لاکھ نسخے تقسیم کیے جائیں گے۔الشیخ السیلانی کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کو تلاوت کے دوران قرآنی نسخے رکھنے کے لیے لکڑی کی 733، تانبے کی 2200 اور ایلومینیم کی 850 چھوٹی میزیں بھی تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مسجد حرام میں آنے والے غیرملکی زائرئن کیلئے اردو، انڈونیشیائی، ترکی، فرانسیسی، بنگالی اور انگریزی زبانوں سمیت 75 زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم مہیا کیے جائیں گے۔نئی سروسز میں بریل زبان میں قرآن پاک کی فراہمی بھی شامل ہے۔ حکام نے چھ حصوں میں بریل زبان قرآن پاک کے نسخے تیار کیے ہیں۔ نیز احکام کی وضاحت اور رہ نمائی کے لیے CD بھی تقسیم کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT