Wednesday , October 18 2017
Home / عرب دنیا / مسجد حرام میں اب پرانی وہیل چیئراستعمال نہیں ہوگی

مسجد حرام میں اب پرانی وہیل چیئراستعمال نہیں ہوگی

ریاض ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں مسجد حرام اور مسجد نبوی کے ذمہ دار ادارے نے سات اہم وجوہات کی بناء  پر معذور اور معمر حجاج ومعتمرین کے لیے استعمال کی جانے والی پرانے ماڈل کی وہیل چیئرکو جدید خصوصیات کی حامل چیئرسے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق حرمین کے نگران ادارے نے تمام پرانی وہیل چیئر مسجد حرام میں لانے سے روکتے ہوئے ان کی جگہ نئی اور جدید سہولیات سے لیس چیئر کی مفت فراہمی شروع کردی ہے۔ حرمین شریفین کے امور کے ڈائریکٹر مشہور المنعمی نے اخبار’’مکہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے پرانے ماڈل کی تمام وہیل چیئرز کو مسجد حرام سے نکالنے اور ان کی جگہ نئی اور جدید سہولیات سے آراستہ چیئرز کی مفت فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ پرانی وہیل چیئرز کو مفت میں نئی چیئرز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت اور نقل وحرکت کی آسانی فراہم کی جاسکے۔ خیال رہے کہ مسجد حرام میں حجاج ومعتمرین کا وہیل چیئرز کا استعمال شاہ عبدالعزیز کے دور میں ہوا۔ وقت کیساتھ ساتھ ان گاڑیوں میں جدت لائی جاتی رہی ہے۔ اس وقت بھی پرانے ماڈل کی وہیل چیئر میں تبدیلی کی اشد ضرورت تھی کیونکہ پرانی گاڑیاں وزن میں بھاری، جنہیں ڈھکیلنا مشکل ہوتا ہے ان کی تیاری میں لوہے کے ساتھ لکڑی کا استعمال کیا گیا، ان کی صفائی میں دقت تھی اور مسجد حرام کے فرش پران کے منفی اثرات مرتب ہوتے تھے۔ جب کہ ان کے مقابلے میں جدید وہیل چیئرز بہترین کوالٹی کی حامل، وزن میں ہلکی، چلانے میں آسان، پیدل چلنے والے حجاج کے لیے کم خطرہ اوردیکھنے میں خوبصورت لگتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT