Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کا معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کا معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

معطل صدر مسجد کمیٹی و خطیب کا وقف بورڈ کی کارروائی کے خلاف چیلنج
حیدرآباد ۔/18فبروری ، ( سیاست نیوز) مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کا معاملہ ہائی کورٹ میں پہنچ چکا ہے اور انتظامی کمیٹی نے صدر کمیٹی اور خطیب کو معطل کرنے سے متعلق وقف بورڈ کی کارروائی کو چیلنج کیا۔ ہائی کورٹ نے مقدمہ کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے پیر کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے حلف نامہ داخل کرتے ہوئے 8 فبروری کو معطلی کی کارروائی کو حق بجانب قرار دیا گیا ہے۔ فریقین کی سماعت کے بعد پیر کے دن ہائی کورٹ کے قطعی فیصلہ کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ مسجد عزیزیہ کے خطیب اور صدر کمیٹی کی جانب سے 27 جنوری کو جمعہ کے موقع پر کی گئی متنازعہ تقریر کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے وقف بورڈ میں شکایت درج کی گئی تھی۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف نے اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی۔ وقف بورڈ نے 5 دینی اداروں کو تقریر کی سی ڈی روانہ کرتے ہوئے رائے طلب کی ہے اور اس وقت تک کیلئے عارضی طور پر صدر کمیٹی اور خطیب کو معطل کیا گیا اور انہیں مسجد میں تقریر سے بھی روک دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ نے اپنے حلف نامہ میں وضاحت کی ہے کہ امن و ضبط کی صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کیلئے معطلی کی کارروائی کی گئی اور دینی اداروں کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ مسجد کمیٹی کا استدلال ہے کہ وجہ نمائی نوٹس کے بغیر کارروائی کرنا وقف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اسی دوران فریقین کے حامیوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ سے ملاقات کی اور اپنا اپنا موقف پیش کیا۔ واضح رہے کہ خطیب مسجد عزیزیہ نے اپنی تقریر پر معذرت خواہی کی تھی اور دینی اداروں کی رائے کا احترام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT