Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مسجد محبوب شاہی سے متصل اراضی پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کی ہدایت

مسجد محبوب شاہی سے متصل اراضی پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کی ہدایت

تلنگانہ وقف بورڈ کے کمشنر جی ایچ ایم سی اور چیرمین ٹاسک فورس کمیٹی کو مکتوبات
حیدرآباد۔/18فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور چیرمین ٹاسک فورس کمیٹی کلکٹر حیدرآباد کو علحدہ علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ سے متصل اراضی پر پولیس کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کی درخواست کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرویئر وقف بورڈ کی جانب سے مسجد سے متصل غیر مجاز تعمیر سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ واقع معظم جاہی مارکٹ رجسٹرڈ وقف ہے، مسجد کیلئے قدیم ٹریفک پولیس اسٹیشن کے عقب میں ایک چھوٹا راستہ ہے، سڑک کی توسیع کے نام پر پولیس حکام نئی تعمیر کیلئے بلدی قواعد کے مطابق سیٹ بیاک چھوڑنے کے بجائے مسجد کے راستہ کو نئی تعمیر میں شامل کررہے ہیں۔ مسجد کے راستے کے کھلے حصہ کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن کی عمارت کیلئے پلرس تعمیر کئے گئے جو غیر قانونی اور انتہائی قابل اعتراض ہے۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے مسجد کی دیواروں کی پلاسٹرنگ کو نقصان پہنچایا گیا اور مسجد کی بنیادوں کے قریب گڑھے کھودے گئے جس سے مسجد کی دیوار منہدم ہونے کا اندیشہ ہے اور مسجد کے دوفلورس کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے مکتوب میں لکھا کہ پولیس کا یہ غیر قانونی اقدام مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ مکتوب میں حکومت کی جانب سے 2006 میں جاری کردہ احکامات اور ہائی کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیا گیا جس میں غیر مجاز تعمیرات کی شکایت پر فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر اور کمشنر جی ایچ ایم سی سے درخواست کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیر کو روک دیں اور اوقافی جائیداد کا تحفظ کرے۔ مقامی مسلمانوں اور مصلیوں نے شکایت کی کہ اس سلسلہ میں بارہا نمائندگی کے باوجود پولیس نے اپنی تعمیرات کو جاری رکھا ہے جس سے نہ صرف مسجد کا ایک راستہ بند ہوجائیگا بلکہ مسجد کے استحکام کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر کا یہ مکتوب زونل کمشنر مجلس بلدیہ، ڈپٹی کمشنر مجلس بلدیہ سرکل VII اور اسٹیشن ہاؤز آفیسر عابڈز پولیس اسٹیشن کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT