Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / مسروقہ ڈرون نہیں چاہئیے ،آپ رکھ لیں، چین کو ڈونالڈ ٹرمپ کا جواب

مسروقہ ڈرون نہیں چاہئیے ،آپ رکھ لیں، چین کو ڈونالڈ ٹرمپ کا جواب

واشنگٹن ۔ 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین پر ایک اور طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو اپنے اس زیرآب ڈرونس کو چین کے پاس ہی رکھ لینے دیا جائے ‘ جنہیںاس کمیونسٹ ملک نے ضبط کیا تھا ۔ واضح رہے کہ بیجنگ نے متنازعہ جنوبی چینی سمندر میں ضبط شدہ ان زیر آب ڈرونس کو مناسب انداز میں واشنگٹن کے حوالہ کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ امریکی وزارت دفاع پنٹگان نے اعلان کیا تھا کہ ڈرون کی واپسی کیلئے چین سے مفاہمت ہوگئی ہے جس کے چند گھنٹے بعد ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ ہمیں چین سے کہنا چاہیئے کہ ہمیں وہ ڈرون واپس نہیںچاہیئے جس کا انہوں ( چین) نے سرقہ کیا تھا ‘ انہیں یہ رکھ لینے دیں ‘‘  پنٹگان نے الزام عائد کیا کہ چین نے 15 ڈسمبر کو جنوبی چینی سمندر میں اس ڈرون کو غیر قانونی طور پر ضبط کرلیا تھا ۔ جب وہ بحری علوم سے متعلق سروے کے جہاز سے مربوط پایا گیا تھا ۔ بعدازاں امریکہ نے رسمی سفارتی شکایت درج کرواتے ہوئے ڈرون کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا ۔ یہ واقعہ ان دو بڑی طاقتوں کے درمیان کئی دہائیوں سے ہونے والے فوجی تصادم کے انتہائی سنگین واقعات میں ایک شمار کیا جاتا ہے ۔ چین نے گذشتہ روز امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے ڈڑون کی ضبطی پر غیر ضروری الجھن پیدا کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ’’ مناسب انداز میں ‘‘ امریکہ کو اس کا زیرآب ڈرون واپس کردے گا ۔ ٹرمپ نے اس مسئلہ پر چین کے خلاف دوسری مرتبہ تنقید کی ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں چین پر امریکی ڈڑون کے سرقہ کا الزام عائدکیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT