Saturday , September 23 2017
Home / دنیا / مسعود اظہر کے معاملہ میں چین کے رویہ کی شکایت

مسعود اظہر کے معاملہ میں چین کے رویہ کی شکایت

پاریکر کی چینی وزیر دفاع سے ملاقات ، ہاٹ لائن کے قیام سے اتفاق
بیجنگ ۔ 18 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے چین کے قائدین سے ملاقات کے دوران پاکستانی جیش محمد سربراہ مسعود اظہر پر امتناع کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے تعلق سے اپنا موقف واضح طورپر پیش کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے ذریعہ مسعود اظہر پر پابندی عائد کی جانے والی تھی لیکن چین نے مداخلت کی تھی ۔ ہندوستان نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں چین کے پراجکٹس کے تعلق سے بھی وضاحت طلب کی ۔ منوہر پاریکر نے چین کے ہم منصب چیانگ وانگ کوانگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین کے ساتھ باہمی تعلقات کے ساتھ ہندوستان اولین ترجیح دیتا ہے اور وہ دوستانہ و باہمی تعاون میں اضافہ کا خواہاں ہے لیکن مسعود اظہر پر امتناع کیلئے اقوام متحدہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے پر ہندوستان کو ذہنی تحفظات ہیں ۔ پاریکر نے بعد ازاں ہندوستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چین پر یہ واضح کردیا ہے کہ اقوا م متحدہ میں جو کچھ ہوا وہ درست سمت میں نہیں تھا اور دہشت گردی کے بارے میں ایسا موقف اختیار کرنا چاہئے جو ہندوستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہو ۔ وزیر دفاع چین نے کہاکہ دونوں ممالک فوجی ہاٹ لائین قائم کرنے کے سلسلے میں ایک قدم آگے بڑھ چکے ہیں۔ منوہر پاریکر نے کہا کہ سرحدی حفاظت کیلئے ہندوستان کے ساتھ فوجی ہاٹ لائن قائم کرنے کے سلسلے میں چین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT