Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانان ہند کی حب الوطنی پر شک کرنے والے ملک کے غدار

مسلمانان ہند کی حب الوطنی پر شک کرنے والے ملک کے غدار

’’ جنگ آزادی ہند اور مسلمان ‘‘ کے اجتماعات سے مولانا پیر نقشبندی کے خطاب
حیدرآباد۔/15اگسٹ، ( پریس نوٹ ) کل ہند انجمن پیشوایان مذاہب کے صدر مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے آج شہر کے مختلف مقامات پر جشن آزادی ہند کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے ’’ مسلمان اور جنگ آزادی ‘‘ پر خطابات کرتے ہوئے مسلمانان ہند کے جذبہ حب الوطنی پر شک کرنے والے عناصر کو ملک کے عظیم غدار قرار دیا۔ مولانا پیر نقشبندی نے حالیہ عرصہ میں خود ساختہ قوم پرستی کا مظاہرہ کرنے والوں کو یہ انتباہ دیا کہ ان کا یہ مسلمانوں کے ساتھ اختیار کردہ رویہ ملک کے اندرونی حالات کو خلفشار اور انتشار کی طرف لے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے 35کروڑ مسلمان ملک کے 125کروڑ ہندوستانیوں کے جسم کا ایک حصہ ہیں، اگر کوئی جسم کا ایک عضو بھی متاثر ہوتو پورا جسم تکلیف میں مبتلاء ہوجاتا ہے اس لئے ملک کی سلامتی و بقاء اور تحفظ کیلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ سچے قومی جذبہ ایثار و قربانی کے ساتھ سب ہندوستانی متحدہ طور پر ملک کے مفاد میں ان شرپسند فرقہ پرست عناصر کے خلاف صف آراء ہوں تاکہ جب بھی کوئی بیرونی طاقت ہمارے ملک پر حملہ آور ہو اور جب جنگ مسلط کردی جائے تو پھر ہم جسد واحد کی طرح اس ملک کی حفاظت کے فرائض انجام دے سکیں۔ قبل ازیں مولانا پیر نقشبندی جو سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی رکن اور قدیم شہر میں واقع سلطان العلوم اسکولس سید علی چبوترہ و فلک نما کی گورننگ کونسل کے چیرمین ہیں نے اسکولس کے علاوہ اتحاد بھون بنجارہ ہلز روڈ نمبر 1 پر قومی پرچم کشائی انجام دینے کے بعد بارگاہ الہی میں دعا کی کہ وہ مسلمانان ہند جنہوں نے آزادی ہند سے قبل اور پھر گزشتہ 70 سال سے ملک کی بے لوث، ہر شعبہ حیات میں گرانقدر خدمات انجام دی ہیں کی جان و مال کی حفاطت فرمائے اور ساتھ ہی دیگر ابنائے وطن کو ہمارے جذبہ حب الوطنی کی حقیقت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے اس موقع پر سوسائٹی کے بورڈ کے اس فیصلہ کی ستائش کی اور ان ہی کی تجویز پر سوسائٹی نے یتیم اور غریب طلباء و طالبات کو یونیفارم اور بکس فراہم کی ہے جسے مولانا پیر نقشبندی نے اپنے ہاتھوں سے ان میں تقسیم کیا۔ ابتداء میں دونوں اسکولس کے پرنسپلس محترمہ نسیم اختر ( فلک نما ) اور جواد مدنی ( سید علی چبوترہ ) نے خیرمقدم کیا۔ طلباء و طالبات نے قرأت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ و نعت شریف کے علاوہ انگریزی، اردو، تلگو میں تقاریر کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن سے محبت اور جانثاری کے جذبات کو پیش کیا۔ جناب محمد افتخار الدن احمد استاذ، عرشیہ بیگم طالبہ نے نظامت کی۔ محترمہ ام اسماء وائس پرنسپل فلک نما نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT