Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو عید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد صدر ، نائب صدر، گورنر اور چیف منسٹر کے پیامات

مسلمانوں کو عید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد صدر ، نائب صدر، گورنر اور چیف منسٹر کے پیامات

حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر (آئی این این ) صدرجمہوریہ جناب پرنب مکرجی نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک اور بیرون ملک تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ایک پیام میں صدرجمہوریہ نے کہا کہ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کا رحمدلی ، خدا ترسی ، رواداری اور انسانیت کے تیئں خدمات کا پیام ہر کسی کے لئے رہنمائی کا باعث ہے اور ہرکسی کو اخوت ، عالمی بھائی چارہ کے راستے پر چلنا چاہئیے ۔ نائب صدرجمہوریہ ہند جناب حامد انصاری نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر گرمجوشانہ مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ایک پیام میں نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ پیغمبراسلامﷺ نے انسانیت کو رحمدلی ، رواداری اور عالمی بھائی چارہ ، ایمانداری کا راستہ دکھایا ۔ حضرت محمدﷺ کا پیام ہمارے لئے پرامن ، موزوں معاشرہ کی تعمیر کا باعث بن سکتا ہے ۔ گورنر ریاست تلنگانہ جناب ای ایس ایل نرسمہن نے پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کے یوم ولادت عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر مسلم بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کااظہار کیا ۔

ایک پیام میں گورنر نرسمہن نے کہا کہ میں عید میلاد کے موقع پر مسلم بھائیوں کو گرمجوشانہ مبارکباد دیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا پیغمبر محمد ؐکی زندگی اخوت بھائی چارہ اور بنی نوع انسان کی بھلائی سے عبارت تھی ۔ گورنر نے کہا حضرت محمد ؐکا مشن اس وقت پورا ہوگا جب ہم ایک دوسرے کے ساتھ  رحمدلی ، باز پرسی ، سچے عقیدے اور بھروسہ کا سلوک کریں گے ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ حضرت محمدؐ کا یوم ولادت ہم تمام کے درمیان امن کا باعث ہو ۔ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے عید میلادالنبی ؐکے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی۔ دفتر محکمہ اقلیتی بہبود کے جاری کردہ ایک بیان میں جناب چیف منسٹر نے ایک پیام میں کہا کہ پیغمبراسلام حضرت محمد ؐ کی ہمہ گیر بھائی چارہ، محبت، اخوت اور رحمدلی، خدا ترسی پر مبنی تعلیمات، صدیوں سے بنی نوع انسان کیلئے مفید رہی ہیں اور آج کی دنیا کو ان تعلیمات کی شدید ضرورت لاحق ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم حضرت محمد ؐ کی تعلیمات اور نقش قدم پر عمل پیرا ہوکر ایک صالح معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT