Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مسلمانوں کو فوری %12 تحفظات فراہمی کا مطالبہ

مسلمانوں کو فوری %12 تحفظات فراہمی کا مطالبہ

سنگاریڈی میں گاندھیائی طرز پر مسلم ریزرویشن فرنٹ کا احتجاجی ستیہ گرہ

سنگاریڈی۔ 23 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ریزرویشن فرنٹ ضلع سنگاریڈی کی جانب سے آج احاطہ ضلع پریشد سنگاریڈی میں واقع مجسمہ مہاتما گاندھی کے روبرو مسلمانوں کو 12% تحفظات کا فی الفور فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی ستیہ گرہ منظم کی گئی ۔ اس موقع پر جناب محمد خواجہ چیرمین، خواجہ ارشد الدین کنوینر، محمد سمیع جنرل سیکریٹری، معراج خاں ہاشمی، محمد خلیل الرحمن، ایم اے عزیز، ایم اے رحمن کے علاوہ ایم جی انور صدر ایم پی جے ضلع سنگاریڈی، مولانا سید فصیح الدین قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع سنگاریڈی، مولانا سید ذاکر خطیب مسجد اعلیٰ سنگاریڈی، سید ہاشم، محمد عابد اور سید صمد نے اس احتجاجی ستیہ گرہ پروگرام میں شرکت کی اور کہا کہ ریاستی حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ اپنے انتخابی وعدے کو فوری عملی جامہ پہناتے ہوئے مسلمانوں کو 12% تحفظات فراہم کریں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مختلف سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے قبل مسلمانوں کو 12% تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمانوں کو تعلیمی و معاشی میدان میں فائدہ ہوسکے۔ مذکورہ قائدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے انتخابات سے قبل مسلمانوں کو یہ تیقن دیا تھا کہ برسراقتدار آنے کے اندرون 4 ماہ 12% تحفظات فراہم کئے جائیں گے لیکن ڈھائی سال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود مسلمانوں کو 12% تحفظات کی فراہمی میں یکسر ناکام ہیں۔ انہوں نے آئندہ اسمبلی سیشن میں 12% مسلم تحفظات بل پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کو 12% تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس خصوص میں آج سنگاریڈی میں مسلم ریزرویشن فرنٹ ضلع سنگاریڈی کی جانب سے جمہوری انداز میں گاندھیائی طریقہ پر پرامن احتجاج کرتے ہوئے مسلمانوں کو فوری 12% تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تاکہ تعلیم یافتہ مسلم بیروزگارنوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مدد حاصل ہوسکے۔ احتجاجیوں نے مسلم تحفظات سے متعلق فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

TOPPOPULARRECENT