Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ضروری

مسلمانوں کو مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ضروری

مغل پورہ میں رضویہ انٹرنیشنل کانفرنس ، ڈپٹی چیف منسٹر ، وزیر داخلہ کی شرکت
حیدرآباد۔ 8اگست (سیاست نیو ز) اہل بیت کے اٹھویں امام ضامن الثامن امام علی بن موسیٰ رضا علیہ السلام کے 1235سالہ عرس شریف کے موقع پر بارگاہ حضرت امراللہ شاہؒ مغل پور ہ میں رضویہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد عمل میںآیا۔ نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی اور ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی کے علاوہ چیرمن سٹ ون میرعنایت علی باقری‘ قونصل جنرل ایران متعین حیدرآباد محمد حق بینی قمی‘ مولانا تقی رضا عابدی‘ مولانا سیدشاہ علی اکبر نظام الدین صابری نے اس کانفرنس میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ بیرونی اور مقامی علماء کرام او رمہمان مقررین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ طور پر کہاکہ مسلمانوں کو مسلکی اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد ہوناضرور ی ہے جبکہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لئے ان کی صفوں میں دراڑ پیدا کرنے کرنے کے لئے سنی شیعہ اختلافات کا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔قونصل جنرل ایران محمد حق بین قمی نے اپنے خطاب میںکہاکہ ایران میں سنی مسلمانوں کو مکمل آزادی ہے۔ اور پورے ملک میں اہلسنت کی پندرہ ہزار 240 مساجد ہیں‘ 330 سنی مدارس ہیں جن میں 250اساتذہ اور 30ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ایرانی ایوان پارلیمنٹ میں 20سنی نمائندے ہیں جبکہ ماہرین کے ایوان میں 5 سنی برادران شامل ہیں۔ ایران کے اُن شہروں میں جہاں سنی مسلمانوں کی اکثریت ہے‘ عدالتوں میں 2400 سنی ججس ہیں۔ مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی سجادہ نشین درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں قونصل جنرل ایران کی جانب سے پیش کئے گئے اعداد و شمار کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورۂ ایران کے موقع پر سنی اداروں کا بھی معائنہ کیا۔شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی محمد خلیل احمد نے کہا کہ مسلم دشمن طاقتیں مسلمانوں کو مسلک اور فرقوں میں بانٹنا چاہتی ہے اور انہیں کمزور کرنا چاہتی ہے‘ وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام مسلمان کلمہ توحید کے پرچم تلے متحد ہوجائیں۔ مولانا سید تقی عابدی نے بھی خطاب کیا۔ قاری محمد محمدی( ایران ) کے قرأت کلام پاک سے کانفرنس کا آغاز ہوا۔ حافظ و قاری محمد تجمل احمد نقشبندی جامع مسجد اعظم پورہ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ قاری میر انور علی رضوی چشتی نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان اقدس میں منقبت پیش کی۔مولانا فصیح الدین نظامی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ پیرزادہ سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی نامزد جانشین نے شکریہ ادا کیا۔

 

TOPPOPULARRECENT