Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہمی کا مطالبہ

مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہمی کا مطالبہ

نظام آباد میں چیرمین اقلیتی کمیشن عابد رسول خان سے ویلفیر پارٹی کی نمائندگی
نظام آباد:4؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)چیرمین اقلیتی کمیشن ریاست تلنگانہ وآندھراپردیش عابدرسول خان کی نظام آباد آمد پر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ضلعی صدر محمد انور خان نے آراینڈ بی گیسٹ ہائوز پر ملاقات کرتے ہوئے ایک محضرحوالے کیا محمد انور خان نے نظام آباد میں ہوئے عصمت ریزی کے دوواقعات مورتاڑ اور بادے پلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے اقلیتوں پر ظلم قرار دیا انہوںنے مائناریٹی کمیشن چیرمین سے اس بات کا تحریری مطالبہ کیا کہ ان دونوں واقعات کے مجرمین کوکیفر کردار تک پہنچانے کیلئے فاسٹ ٹراک کورٹ کے ذریعہ روزانہ کی اساس پر ان مقدمات کا جلد سے جلد فیصلہ کیاجائے اور انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ انہوںنے چیرمین سے اس بات کامطالبہ کیا کہ نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں ۔علاوہ ازیں محمد انور خان نے تلنگانہ سرویس کمیشن کی جانب سے جو روزگار پر مبنی امتحانات منعقد ہونے والے ہیں ان امتحانات کے پرچوں کو اردو زبان میں تیار کرتے ہوئے مسلم طلباء و طالبات کو سہولت بہم پہنچائی جائے تاکہ وہ بھی دیگر طبقات کی طرح شانہ بہ شانہ ترقی کرتے ہوئے سرکاری ملازمتیں حاصل کرسکیں۔ محمد انور خان نے مائناریٹی کمیشن چیرمین کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی کہ تلنگانہ سرکار نے 2014ء؁ کے عام انتخابات کے موقع پر شاد نگر کے جلسہ عام میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ 100دن کے اندر تعلیم و روزگار میں اقلیتی طبقہ کو 12فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے لیکن یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا ۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ بی سی کمیشن قائم کرتے ہوئے تعلیم و روزگار میں 12فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں ۔جناب عابدرسول خان نے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کی اس اہم ترین نمائندگی کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ جانب اپنی بھرپور کوشش کرے گی اور وزیراعلیٰ کے سی آر سے تلنگانہ سرویس کمیشن کے امتحانات میں اردو زبان میں سوالیہ پرچوں کی اشاعت کے سلسلے میں نمائندگی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT