Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کیلئے مرکز سے تعاون طلب

مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کیلئے مرکز سے تعاون طلب

کے سی آر کا وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران تذکرہ، دیگر اُمور پر بھی نمائندگی

حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم تحفظات کے علاوہ ریاست کے دوسرے مسائل پر بات چیت کی۔ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے پولو بیسن گراؤنڈ اور فلائی اوورس کی تعمیرات کیلئے کنٹونمنٹ کی اراضی حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور بی جے پی کے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار وینکیا نائیڈو سے بھی علحدہ علحدہ ملاقاتیں کی۔ دہلی کے دورے پر مصروف چیف منسٹر کے سی آر نے آج وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں 12فیصد مسلم تحفظات کیلئے منظور کردہ بلز پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے مرکز سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وزیر اعظم نے مسلم تحفظات کے مسئلہ پر آئندہ ملاقات میں تبادلہ خیال کرنے کا چیف منسٹر کو تیقن دیا۔ کے سی آر نے ریاست کو مرکز سے وصول طلب فنڈ کی فوری اجرائی پر زور دیا، ساتھ ہی نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے محکمہ دفاع کے سکندرآباد میں واقع پولو بیسن گراؤنڈ کو ریاست کے حوالے کرنے اور اس کے متبادل کے طور پر شہر کے مضافاتی علاقہ میں محکمہ دفاع کو اراضی دینے کا تیقن دیا۔ جتنی جلدی ہوسکے پولو بیسن گراؤنڈ حوالے کرنے پر حکومت کی جانب سے نئی سکریٹریٹ عمارت کی تعمیر کا آغاز کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ کی اراضیات پر فلائی اوورس تعمیر کرنے کیلئے اراضیات طلب کی ۔ وزیر اعظم نے مرکز سے فنڈز کی اجرائی کنٹونمنٹ کی اراضی حوالے کرنے پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے نومبر میں حیدرآباد میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ میں شرکت کرنے کی وزیر اعظم کو دعوت دی جس کو وزیر اعظم نریندر مودی نے قبول کرلیا۔

اس سمٹ میں صدر امریکہ ٹرمپ کی دختر ایونیکا ٹرمپ بھی شرکت کررہی ہیں۔ پسماندہ اضلاع کی ترقی اور سڑکوں کی تعمیرات کیلئے مرکز سے فوری 450 کروڑ روپئے جاری کرنے پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی تقسیم آندھرا پردیش بل میں کئے گئے وعدے کے مطابق جلد از جلد ہائی کورٹ کی تقسیم کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان مسائل پر بھی ہمدردانہ غور کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کو تیقن دیا۔ ساتھ ہی جی ایس ٹی پر عمل آوری سے ریاست کے خزانہ پر عائد ہونے والے بوجھ پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکز سے بھرپور مالی امداد کرنے ، گرینائیٹ۔بیڑی صنعت کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی نشستوں میں بھی اضافہ کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر فینانس و دفاع ارون جیٹلی سے ملاقات کرتے ہوئے جی ایس ٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ارون جیٹلی نے چیف منسٹر کو تیقن دیا کہ آئندہ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں گرینائیٹ ۔ بیڑی صنعت کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ دینے کے علاوہ دوسرے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کنٹونمنٹ کی اراضیات کے مسئلہ پر بھی وزارت دفاع کی زائد ذمہ داری سنبھالنے والے ارون جیٹلی سے بات چیت کی۔ قبل ازیں بی جے پی کے نائب صدر امیدوار وینکیا نائیڈو سے بات چیت کی۔ وینکیا نائیڈو نے کے سی آر سے ملاقات کو خیرسگالی ملاقات قرار دیتے ہوئے کہا کہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس ان کی تائید کررہی ہے جس کیلئے وہ کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT