Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہمی کے وعدہ میں ٹی آر ایس ناکام

مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہمی کے وعدہ میں ٹی آر ایس ناکام

حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں بالکلیہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ بالخصوص ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا لیکن تقریباً دیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا نہ کرکے ٹی آر ایس نے مسلمانوں کے ساتھ زبردست دھوکہ کیا ہے۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی نے جب کبھی بھی عوام سے جو کچھ بھی وعدے کئے انھیں پورا کیا لیکن ٹی آر ایس کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت نے جو کوئی بھی وعدے و اعلانات کئے ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل آوری نہیں کی۔ بلکہ ریاست تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنے میں ہی مصروف ہے۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ایرا گڈہ ڈیویژن میں تلگودیشم پارٹی قائد مسٹر مشتاق شریف کی قیادت میں زائداز ایک ہزار مسلم مرد و خواتین کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی و رکن اسمبلی جوبلی ہلز مسٹر ایم گوپی ناتھ نے اس بات کا انکشاف کیا اور کہاکہ تلگودیشم پارٹی ہر وقت ہر موقع پر مسلم اقلیتوں کے ساتھ رہے گی بلکہ اقلیتی طبقہ کی فلاح و بہبود پر بھی اپنی اولین ترجیح دے گی۔ انھوں نے کہاکہ شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کئی مسائل سے دوچار ہورہے ہیں لیکن حکومت اس مسئلہ پر توجہ نہیں دے رہی ہے لہذا گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی نے پینے کے پانی کی مؤثر سربراہی کے مطالبہ پر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ہیڈ آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا بھی منظم کیا۔ مسٹر گوپی ناتھ نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی کسی بھی وقت عوام کی مدد کرنے اور مسائل کی یکسوئی کے لئے تیار رہے گی۔ بلکہ وہ خود بھی عوام کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے اور عوام سے بھی تلگودیشم پارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی پرزور اپیل کی۔ اس موقع پر تلگودیشم قائدین محمد اظہرالدین، یونس خان، ڈی سنجیوا، سائی روپیش، دارا سنگھ، اعظم شیخ، کلیم الدین، زلیخہ بیگم، نجم الدین، وجیا لکشمی کے علاوہ سکریٹری گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی مسٹر ایم این سرینواس راؤ، ایم سارنگا پانی، بجرنگ شرما، محمد مظفر علی خاں انچارج حلقہ اسمبلی ملک پیٹ تلگودیشم پارٹی، انوشا رام و دیگر قائدین تلگودیشم پارٹی بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT