Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کی خوشحالی اور روزگار کے لیے 12 فیصد تحفظات لازمی

مسلمانوں کی خوشحالی اور روزگار کے لیے 12 فیصد تحفظات لازمی

حکومت کو وعدہ پر عمل کا مشورہ ، حسرت پرنٹرس کا افتتاح ، جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ اگر تلنگانہ حکومت مسلمانوں کی خوشحالی کے سلسلے میں سنجیدہ اور مسلم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا چاہتی ہے تو 12 فیصد تحفظات دے کر اپنے انتخابی وعدے کو پورا کرنا ضروری ہے ۔ اور اس کے لیے ایس سی کمیشن کی رپورٹ ہی تحفظات کی راہ ہموار کرسکتی ۔ جناب زاہد علی خاں کل شام فرسٹ لانسر میں حسرت پرنٹرس کی افتتاحی تقریب کو مخاطب تھے ۔ جس کا اہتمام ساوتھ انڈیا اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ جس میں چھوٹے اور اوسط اخباروں سے وابستہ کثیر افراد نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے اخبار کی فرق درست نہیں ہے ۔ آج کا چھوٹا اخبار کل بڑا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے سیاست اخبار کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد جناب عابد علی خاں صاحب اور ان کے رفیق خاص جناب محبوب حسین جگر صاحب نے کس طرح مشکل و صبر آزما حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اخبار کو درجہ بہ درجہ ترقی کی منزل تک پہنچایا ۔ آج سیاست کے ای ایڈیشن کو 360 ممالک سے قارئین سے جو ہٹس ملتے ہیں اس کا مقابلہ شائد ہی کوئی دوسرا اخبار کرسکے ۔ اخبار کا وارث نہ ہونے کی وجہ سے یا ورثا کو دلچسپی نہ ہونے کی وجہ سے بڑے بڑے اردو اخبار کارپوریٹس اداروں کو فروخت کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس سلسلے میں کولکتہ کے آزاد ہند اور ممبئی کے انقلاب کی مثالیں دیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے جناب محمد کاظم علی خاں کو مبارکباد دی کہ انہوں نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے پرنٹنگ پریس قائم کیا جہاں چھوٹے اخباروں کو پرنٹنگ کے سلسلے میں رعایت دی جائے گی ۔ انہوں نے جناب کاظم علی خاں کے مشورے پر کہ وہ امبیڈکر نیشنل کانگریس کی صدارت قبول کر کے دوبارہ سیاست میں آئیں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سماجی و اصلاحی خدمات کی مصروفیت انہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتی ۔ جناب کاظم علی خاں صدر اسوسی ایشن نے کہا کہ پریس کا قیام ان کے وعدہ کی تکمیل ہے ۔ چھوٹے اخبار والوں سے وہ ممکنہ تعاون کریں گے ۔ ان کے فرزند جناب محمد کرار علی خاں پریس کی ذمہ داری سنبھال لیں گے ۔ جناب سکندر علی خاں اور جناب اسماعیل الرب انصاری نے بھی مخاطب کیا ۔ جناب ہادی رحیل نے کارروائی چلائی اور جناب احمد صدیقی مکیش نے شکریہ ادا کیا ۔ جناب شیخ اسماعیل ، جناب خیرات علی ، جناب محمد صادق ایڈیٹر یقین اور دوسروں نے شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT