Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کی دل آزاری پر بنڈلہ پبلشر کے چیف ایڈیٹر کی معافی

مسلمانوں کی دل آزاری پر بنڈلہ پبلشر کے چیف ایڈیٹر کی معافی

مجلس تحفظ ختم نبوت اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور اعلیٰ پولیس عہدیداران کے روبرو غلطی کا اعتراف
حیدرآباد 12 فروری (پریس نوٹ) مولانا وجیہ الدین قاسمی کے بموجب دفتر مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھراپردیش کے کانفرنس ہال میں مسلمانوں کے مختلف مسالک کی دینی تنظیموں کے ذمہ داران اور اعلیٰ پولیس عہدیداران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بنڈلہ پبلشر شیوم روڈ عنبرپیٹ کے چیف ایڈیٹر سائی بابو نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کی تیاری کے لئے اپنی شائع کردہ کتاب میں نعوذباللہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی فرضی تصویر اور گستاخانہ مضمون کی اشاعت کی وجہ سے مسلمانوں کی شدید دل آزاری ہونے پر تہہ دل سے معافی مانگی۔ اپنے معافی نامہ میں ایڈیٹر سائی بابو نے گستاخانہ مضمون میں غلطیوں کی نشاندہی اور اسلامی تاریخ میں غلط بیانی کی وضاحت کے ساتھ اعتراف کیاکہ وہ اپنی اس غلطی پر بے حد نادم اور شرمندہ ہیں۔ اس کے لئے وہ مسلمانوں سے معافی چاہتے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ اس غلطی کا اعادہ نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ علماء اور اسلامی اسکالرس کی تصدیق و توثیق کے بعد ہی اسلام کی تعلیمات اور شخصیات کے بارے میں مواد شائع کریں گے۔ اس موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون پی ستیہ نارائنا نے اس کیس کے سلسلہ میں پولیس کارروائی کی تفصیل پیش کی اور کہاکہ پولیس آئندہ بھی اس قسم کے مذہبی دل آزاری کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنی سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہاکہ معافی چاہنے کے بعد پبلشر کا مسئلہ ختم ہوگیا لیکن اس کتاب کے مصنف کا پتہ لگاکر اُس کی گرفتاری کی کوشش کی جائے گی اور دوسرے پبلشرس کو بھی مذہبی منافرت پر مبنی کتابوں کو شائع نہ کرنے کا پابند کیا جائے گا۔ اجلاس میں مولانا سید اولیاء حسینی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری، رحیم الدین انصاری، مولانا جعفر پاشاہ، مولانا ارشد علی قاسمی، مولانا محمد عبدالقوی، مولانا مفتی صادق محی الدین، مولانا منیرالدین مختار، مولانا مصدق القاسمی، مولانا مفتی معراج الدین ابرار، حامد محمد خان کے علاوہ سرکردہ حضرات اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا۔

TOPPOPULARRECENT