Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کی سماجی ومعاشی حالت انتہائی ابتر ، 12% تحفظات ناگزیر

مسلمانوں کی سماجی ومعاشی حالت انتہائی ابتر ، 12% تحفظات ناگزیر

سدھیر کمیشن آف انکوائری سے ورنگل میں مختلف تنظیموں کی نمائندگی ،پسماندہ علاقہ کا دورہ
ورنگل ۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) مسلم طبقہ کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے تشکیل دیئے گئے سدھیر کمیشن آف انکوائری نے آج مسلمانوں کے سماجی، معاشی اور تعلیمی حالات کا جائزہ لینے کیلئے ورنگل کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس ضمن میں کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں اجلاس منعقد کیا گیا جہاں ورنگل کی مختلف تنظیموں کی جانب سے نمائندگیاں کی گئی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند ورنگل کی جانب سے جناب خالد سعید نے نمائندگی کرتے ہوئے سدھیر کمیشن کے سامنے مسلمانوں کے معاشی، سماجی اور تعلیمی حالات سے تفصیلی ڈاٹا پیش کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمان دیگر پسماندہ طبقات سے بھی کم درجہ پر مسلمان پہنچ چکے ہیں۔ سماج میں مسلمانوں کی طرز زندگی کی تبدیلی کیلئے 12 فیصد تحفظات ناگزیر ہیں۔ مسلمان ہر میدان میں پسماندہ ہوچکا ہے۔ بینک لون کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو خودروزگار فراہم کرنے کیلئے خصوصی طور پر سب پلان بنایا جائے، اردو زبان کو روزگار سے جوڑا جائے اور سرکاری ملازمت کے لئے اعلامیہ جاری ہونے سے قبل مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کو یقینی بنایا جائے، ملازمتیں ختم ہونے کے بعد کس طرح مسلمانوں کی معیارِ زندگی میں تبدیلی آئے گی۔ مسلمان فٹ پاتھ کے کاروبار، آٹو رکشا،ٹھیلہ بنڈی و دیگر چھوٹے کاروبار کررہے ہیں۔

اس موقع پر تلنگانہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے جناب مجیب الرحمن نے کہا کہ آر ٹی آئی ایکٹ کا اردو میڈیم مدارس پر عمل نہیں ہورہا ہے۔ اردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کا تقرر نہیں ہورہا ہے۔ اکثر دیہاتوں میں واقع اردو میڈیم پرائمری اسکولس ہیں، لیکن وہاں پر ہائی اسکول کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مسلم طلبہ ترک تعلیم پر مجبور ہورہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ہر اسکول میں اردو مضمون کے اساتذہ کا تقرر کیا جائے اور اردو میڈیم خصوصی ڈی ایس سی رکھا جائے۔ اس کے علاوہ جناب حبیب خان سابق ضلع پریشد ممبر، جناب ایم اے مجید سکریٹری بلوبرڈس ایجوکیشنل سوسائٹی، سید افتخارالدین، زبیدہ خاتون، توفیق الرحمن، محمد نعیم الدین، محمد قدیر علی (اے آئی ایس ایف)، محمد حبیب الدین، سید دستگیر، سید مجاہد، ابوالحسن و دیگر نے بھی کمیشن سے نمائندگی کی اور کہا کہ مسلمان سماج کے ہر شعبہ میںکافی پسماندہ ہوچکے ہیں ، ان کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے 12% تحفظات ضروری ہیں اور ٹی آر ایس کوجلد از جلد اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے۔ کمیشن کے وفد نے ورنگل کے پسماندہ علاقہ کا دورہ بھی کیا۔

TOPPOPULARRECENT