Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مسلمانوں کے مسائل کا 12 فیصد تحفظات ہی واحد حل

مسلمانوں کے مسائل کا 12 فیصد تحفظات ہی واحد حل

متحدہ جدوجہد ضروری ، کریم نگر میں زنجیری بھوک ہڑتال ، جناب وسیم احمد کا خطاب
کریم نگر ۔ 8 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )چیف منسٹر کے سی آر نے چناؤ سے قبل انتخابی جلسوں میں مسلمانوں سے وعدہ کیا کہ مجھے طاقت دو اور اقتدار میرے حوالے کرو تو  شعبۂ تعلیم اور ملازمتوں میں مسلمانوں کو 12% تحفظات دوں گا ۔ مسلمانوں نے کے سی آر پر بھروسہ کرکے اپنا قیمتی ووٹ دیا اور کے سی آر کو کامیابی بھی ملی لیکن اقتدار سنبھال کر انھیں دو سال سے زائد عرصہ ہوچکا اب تک 12% کا وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ کے سی آر کا یہ اخلاقی فریضہ ہے کہ بلا کسی تاخیر اپنا وعدہ پورا کریں ، ان خیالات کا اظار وسیم احمد صدر میناریٹی سب پلان ریزرویشن ایکشن کمیٹی نے کریم نگر کلکٹریٹ کے روبرو زنجیری بھوک ہڑتال کے آغاز میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ آج کے دور میں اپنے حقوق کو پانے کے لئے جدوجہد کی ضرورت ہے ۔مسلمانوں کو چاہئے  کہ اپنے جائز مطالبات کے لئے متحدہ طورپر جدوجہد کریں ، آپسی اختلافات مسلکی جھگڑوں کو چھوڑکر مسلمانوں کی ، ملت کی ترقی کے لئے اور اس اہم مسئلہ کے لئے پوری طاقت لگائیں۔ 12% تحفظات سے کسی ایک واحد فرد کو استفادہ نہیں ہوگا بلکہ سبھی مسلمانوں ، غریب اور متوسط طبقہ کے افراد کو ہوگا ۔ تعلیم ایک کاروبار بن گئی ہے ۔ مسلمان غریب طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں، اگر مسلمانوں کو 12% تحفظات کی منظوری دی جائے تو اس مسئلہ کا حل خودبخود نکل جائے گا ۔ انھوں نے کہاکہ مسلم مخالف جماعتوں کا اعتراض ہے کہ مسلمانوں کو تحفظات کی منظوری ناممکن ہے اس کے تعلق سے ہم تبصرہ کرنا نہیں چاہتے ، ہم صرف کے سی آر کے وعدہ کو یاد دلانا چاہتے ہیں اُن کے انتخابی منشور میں مسلمانوں کے 12% تحفظات شامل تھے اور انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ مسلمانوں کو 12%تحفظات دلواؤں گا ۔ اسی لئے ہم چاہتے ہیں کہ کے سی آر اپنا وعدہ پورا کریں اور مسلمانوں کو 12% تحفظات دلوائیں اس ضمن میں کریم نگر میں کلکٹریٹ کے روبرو زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر بابو بھائی ، عبدالغفور ، سید مخدوم علی ، محمد ریاض الدین ، عبدالجاوید ، محمد جعفر ، سید جاوید ، محمد اشرف ، سید حسین ، اشرف شریف توصیف ، سمیر ، کلیم ، ساجد موجود تھے ۔ نامہ نگار سیاست سید محی الدین نے زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والوں کی گلپوشی کی۔

TOPPOPULARRECENT