Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کے ہاتھوں میں قرآن اور علم کا قلم فراہم کرنے حکومت کا عزم

مسلمانوں کے ہاتھوں میں قرآن اور علم کا قلم فراہم کرنے حکومت کا عزم

پرانے شہر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں جدید علوم کا قلم تھمانا چاہتی ہے ۔ پرانے شہر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ عید الفطر تک ڈپٹی چیف منسٹر پرانے شہر میں قیام کریں گے ۔ مسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ ٹی آر ایس کی دو سالہ کارکردگی سارے ملک میں مثالی بن چکی ہے ۔ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کو قومی سطح پر روشناس کرانے کا مرکزی حکومت جائزہ لے رہی ہے ۔ نیتی ایوگ کے عہدیداروں نے ان اسکیمات کا ریاستی عہدیداروں کے ساتھ ایک سے زائد مرتبہ جائزہ لیا ہے ۔ حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات سے تلنگانہ کے عوام مطمئن ہیں ۔ ریاست کے تمام انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی اور دوسری جماعتوں کے منتخب عوامی نمائندوں کی ٹی آر ایس میں شمولیت اس کا ثبوت ہے ۔ سماج کے تمام طبقات بالخصوص مسلمان حکومت سے خوش ہیں ۔ سرسید احمد خاں نے جس طرح مسلمانوں کی تعلیم پر توجہ دی تھی ۔ اسی طرح چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔ مسلمانوں کو مسابقتی تعلیم میں حصہ دار بنانے کے لیے اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ جاریہ سال ان اسکولس میں 20 ہزار مسلم طلبہ نے داخلہ لیا ہے ۔ 2019 تک ان اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہوجائے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کو ایک ہاتھ میں قرآن مجید دوسرے ہاتھ میں جدید علوم کا قلم دینا چاہتی ہے تاکہ دین اور دنیا دونوں میں مسلمان کامیاب رہیں ۔ مسلمانوں کو اعلیٰ و عصری تعلیم سے لیس کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اولڈ سٹی کو گولڈ سٹی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ریس کورس کو راجندر نگر منتقل کرنے کے لیے 175 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی کلکٹر رنگاریڈی کو ہدایت دے دی گئی ہے ۔ چنچل گوڑہ جیل کو بھی ضلع رنگاریڈی میں منتقل کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں ۔ دبیر پورہ سرکاری ہاسپٹل کو 20 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقی دیتے ہوئے مقامی عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی سیاسی بصیرت سے تمام شعبوں کی شرح ترقی میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ محکمہ مال کی شرح آمدنی 60 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ وہ عید الفطر تک پرانے شہر میں واقع اپنی قیام گاہ اعظم پورہ میں قیام کریں گے اور عوام سے ملاقات کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT