Friday , October 20 2017
Home / ہندوستان / مسلمان اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں: دیوبند

مسلمان اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں: دیوبند

فیض آباد، 14 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) نامور دینی مدرسہ دارالعلوم دیوبند نے ایک فتویٰ میں کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر مسلمان اپنے گھروں اور دکانوں پر قومی پرچم لہرائیں اور یہ بھی اپیل کی کہ اس تقریب کو حب الوطنی کے عظیم جذبہ کے ساتھ منائیں۔ دینی مدرسہ کے ترجمان اشرف عثمانی نے کہا کہ آزادیٔ ہند کی جدوجہد میں علماء، جن کا تعلق دارالعلوم سے رہا، نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں۔ مکمل آزادی کی اپیل دارالعلوم کی جانب سے کی گئی تھی، جو بعد میں ’’پورن سوراج‘‘ کی تحریک میں تبدیل ہو گئی۔ حسین احمد مدنی سے مولوی احمد اللہ شاہ تک مجاہدین آزادی کا طویل سلسلہ ہے، جنھوں نے مادر وطن کی آزادی کیلئے اپنی جانیں دیں۔ انھوں نے کہا کہ دارالعلوم نے ملک گیر سطح پر مسلمانوں سے اپنے گھروں اور دکانوں پر یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے اور اس دن کو حب الوطنی کے عظیم جذبہ کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔ اس اپیل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دینی مدرسہ کے مذہبی رہنما مولانا ارشد قاسمی نے کہا کہ ہم نے ملک گیر سطح پر تمام دینی مدرسوں کو مشورہ دیا ہے کہ ترنگا لہرائیں اور یوم آزادی منائیں۔ طلبہ کو ہندوستان کی جدوجہد آزادی کا درس دیں اور ملک کے بنیادی جذبہ ’کثرت میں وحدت‘ کی تعلیم دیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ فرقہ ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ہمیشہ ہماری حب الوطنی پر شک کیا جاتا رہا، لیکن ہمارے مدرسوں میں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ ہم ہمیشہ مادروطن سے محبت اور حب الوطنی کی تعلیم دیتے ہیں۔ ایودھیا میں دینی مدرسہ چلانے والے حافظ اخلاق احمد لطیفی نے بیان دیا کہ ہم یوم آزادی اور یوم جمہوریہ مناتے رہے ہیں اور ہم یہ عمل جاری رکھیں گے۔

TOPPOPULARRECENT