Friday , May 26 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات ، روزنامہ سیاست کی شعور بیداری مہم کا نتیجہ

مسلم تحفظات ، روزنامہ سیاست کی شعور بیداری مہم کا نتیجہ

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا اقدام تاریخی ، جناب زاہد علی خاں کو مبارکباد
حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے آج دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مسلم تحفظات کے حق میں روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی گئی شعور بیداری مہم پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن نے بتایا کہ وہ غریب مسلمانوں کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے مائیکرو فینانس اسکیم کی تجویز رکھتے ہیں جس کے تحت کارپوریشن راست طور پر اقلیتی طبقہ کے افراد کو قرض جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی تفصیلات تیار کی جارہی ہے تاکہ چھوٹے کاروبار کیلئے درکار رقم کا تعین ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ 50,000 روپئے تک کے قرض کی فراہمی کی تجویز ہے تاکہ ایک غریب خاندان بآسانی کسی کاروبار کے ذریعہ زندگی بسر کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے سیونگ مشین تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ خواتین سلائی اور اس سے مربوط کاموں کے ذریعہ آمدنی حاصل کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگر ، حضور آباد ، سرسلہ اور دیگر مقامات پر اسکیم کا جلد آغاز ہوگا۔ خواتین کے گروپس تشکیل دیتے ہوئے انہیں سلائی مشین حوالے کئے جائیں گے۔ اکبر حسین نے بتایا کہ کارپوریشن کی تمام اسکیمات پر موثر عمل آوری ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ بہت جلد تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس اور اگزیکیٹیو ڈائرکٹرس کا اجلاس طلب کریں گے۔ سید اکبر حسین نے مسلمانوں کو 12 فیصد اور درج فہرست قبائل کو 10 فیصد تحفظات سے متعلق بل کی اسمبلی اور کونسل میں منظوری کو چیف منسٹر کی اقلیت دوستی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں حکومتوں کی عدم توجہی کا شکار مسلمانوں کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی ترقی صرف کے سی آر سے ممکن ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے ملازمتوں اور تعلیم میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اکبر حسین نے امید ظاہر کی کہ اسمبلی میں منظورہ بلز کو صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل ہوگی جس کے بعد عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کو خوشحال بنانے کیلئے کے سی آر نے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں میں سرفہرست ہے اور چیف منسٹر کا شمار ملک کے نمبر ون چیف منسٹر کی حیثیت سے ہوتا ہے ۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن نے روزنامہ سیاست کی جانب سے تعلیمی اور ملی سرگرمیوں کی ستائش کی اور کہا کہ مسلمانوں کی ترقی کیلئے دیگر رضاکارانہ تنظیموں کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔ اکبر حسین کے ہمراہ محمد غلام ذاکر حسین ، سید افضل ، سید زاہد حسین ، سید سلیم اور محی الدین نامہ نگار سیاست کریم نگر موجود تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT