Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات میں اضافہ کے بل کی منظوری عظیم کارنامہ

مسلم تحفظات میں اضافہ کے بل کی منظوری عظیم کارنامہ

چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ تمام طبقات کی ہمدردیاں، ٹی ہریش راؤ کا اسمبلی میں خطاب
حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) کے۔چندر شیکھر راؤ اپنے وعدوں کو پورا کرنے والی شخصیت اور اپنی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے قائد کا نام ہے ۔ تحریک تلنگانہ کی کامیابی کی مثال قائم کرنے کے بعد چیف منسٹر نے 12فیصد مسلم تحفظات کے لئے قانون سازی کے ذریعہ جو اقدام کیا ہے اس کی جتنی سراہنا کی جائے کم ہے۔ ریاستی وزیر امور مقننہ و آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مسلم تحفظات میں اضافہ کے فیصلہ کرتے ہوئے بل منظور کیا ہے وہ ایک عظیم کارنامہ ہے اور انتخابی وعدہ کی تکمیل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نہ صرف اقلیتوں کے ہمدرد ہیں بلکہ ریاست کے ہر اس شخص کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں جو محروم طبقہ سے تعلق رکھتا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں عوام کے ساتھ آندھرائی قائدین کی مسلسل نا انصافیوں کے بعد انہیں آندھرائی قیادت کے چنگل سے آزادی دلوانے کے بعد مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں موجود مسلم طبقہ کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جو اقدامات کئے ہیں ان میں سب سے اہم قدم مسلمانوں کو حسب وعدہ تحفظات کی فراہمی ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی ناانصافیوں کے ازالہ کے لئے قائم کردہ سیاسی جماعت ہے اور اس سیاسی جماعت کے اصولوں میں یہ بات شامل ہے کہ محروم طبقات کو ان کا حق دلوایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں کوئی دقیقہ نہیں چھوڑا ہے وبلکہ ہر انتخابی وعدہ کو پورا کرنے کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہے۔ تحفظات کی فراہمی حکومت نے کسی دباؤ یا نمائندگی کے نتیجہ میں عمل میں نہیں لائی ہے بلکہ تحفظات کی فراہمی کاپارٹی نے انتخابات سے قبل جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا گیا ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے اس کوشش میں معاونت کرنے والو ںاور جمہوری دائرہ میں رہتے ہوئے تحفظات کے متعلق ٹی آر ایس کو انتخابی وعدہ کی یاددہانی کروانے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی کیلئے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے اسی لئے حکومت نے سب کی ترقی کی راہ اختیار کرتے ہوئے کئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کروایا جس کے ثمرات سے تمام طبقات فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ مسٹرہریش راؤ نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے ساتھ اب مسلم تحفظات اور قبائیلی تحفظات کے بعد ریاست تلنگانہ ملک بھر میں ایک مثال بن کر ابھرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منظور کروائے گئے بل کو صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کیا جائے گا اور اسے منظوری حاصل ہونے کے بعد تحفظات کے ثمرات سے محفوظ زمرہ میں شامل تمام طبقات مستفید ہو سکیں گے۔ ریاستی وزیر نے چیف منسٹر کے اقدام کوقابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس حکمت عملی کے ساتھ مسلم تحفظات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے اس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT