Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات پر موضوعاتی مشاعرہ

مسلم تحفظات پر موضوعاتی مشاعرہ

29 مئی کو احاطہ روزنامہ سیاست میں مقرر ، جناب عامر علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد۔ 25 مئی (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے موضوعاتی مشاعرہ بعنوان ’’مسلم تحفظات‘‘ کاانعقاد 29 مئی کو عمل میں آئے گا۔ ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم تحفظات کیلئے شروع کردہ ادبی تحریک کی ادبی حلقوں با لخصوص شعراء کی جانب سے زبردست پذیرائی کی گئی۔ ادارہ سیاست کو زائد از 200نظم ‘ گیت ‘ غزل ‘ قطعات وصول ہوئیں جن میں کئی معیاری اور انتہائی سلجھے ہوئے کلام موجود ہیں لیکن وقت کی تنگ دامنی کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ منتخبہ شعراء کے کلام پڑھائے جائیں‘ علاوہ ازیں اس حساس موضوع پر قلم اٹھانے والے شعراء کے کلام کو روزنامہ سیاست کے ادبی صفحات پر بھی جگہ فراہم کی جائے گی چونکہ اس موضوعاتی مشاعرے کے انعقاد کا مقصد ہی عوام میں شعور بیداری کے ساتھ تحریک میں شدت پیدا کرتے ہوئے حکومت کو اپنے وعدے کی یاد دہانی کروانا ہے۔دردمند دل و ملی جذبہ سے سرشار جن شعراء نے کلام روانہ کئے ہیں ان کی مکمل فہرست مشاعرے کے بعد شائع کی جائے گی۔ 29مئی بروز اتوار 4بجے شام سے محبوب حسین جگر ہال ‘اندرون احاطہ روزنامہ سیاست منعقد ہونے والے اس مشاعرے کی صدارت جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ اس مشاعرے کے مدعو شعراء کی فہرست بہت جلد شائع کردی جائے گی ۔جناب علی بن صالح لحمدی کنوینر مشاعرہ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشاعرے میں شہر و اضلاع کے شعراء کو مدعو کیا جارہا ہے جو مسلم تحفظات کے عنوان پر تحریر کردہ اپنے کلام پیش کریں گے۔ جناب اشفاق اصفی ؔ اس موضوعاتی مشاعرے کی نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT