Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات کیلئے ادبی تحریک کا زبردست ردعمل

مسلم تحفظات کیلئے ادبی تحریک کا زبردست ردعمل

دفتر سیاست پر کئی شعراء کے کلام جمع ، ملی درد کا اثر انگیز اظہار
حیدرآباد۔ 17مئی (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم تحفظات کیلئے شروع کردہ ادبی تحریک پر زبردست ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے اور تا حال کئی شعراء نے اپنے کلام دفتر سیاست پر جمع کروا چکے ہیں۔ ادبی تحریک بذریعہ ’’موضوعاتی مشاعرہ‘‘ پر نہ صرف ریاست تلنگانہ کے ملی درد رکھنے والے شعراء کلام روانہ کر رہے ہیں بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں سے بھی نامور شعراء اس تحریک کی ستائش کر رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے وعدے پر اختیار کردہ حکومت کی خاموشی کو دیکھتے ہوئے ادارہ سیاست نے باضابطہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیاتھا جس سے نہ صرف کئی غیر سرکاری تنظیمیں جڑ چکی ہیں بلکہ اب یہ تحریک سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے لگی ہے۔ حکومت کی جانب سے تقررات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگر تحفظات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ملازمتیں ہی باقی نہیں رہیں گی۔ اسی لئے ادارہ سیاست نے تحفظات کی تحریک کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس تحریک سے ادبی حلقوں کو جوڑا جا سکے ۔ مسلم تحفظات کیلئے شروع ہونے والی اس ادبی تحریک کی ابتدائی مرحلہ میں مشاعرہ بعنوان ’’ مسلم تحفظات ‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مشاعرے کے انعقاد کی تاریخ و مقام کا متعاقب اعلان کیا جائے گا لیکن جو شعراء اس حساس مسئلہ پر گیت ‘ نظم ‘ غزل 20مئی سے قبل دفتر سیاست پہنچا دیں۔  شعراء اپنے کلام کے ذریعہ عوامی جذبات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے ملی تڑپ کو پیش کر سکتے ہیں۔ ادارہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی تحفظات کی تحریک کو ہر گوشہ سے عوامی تائید حاصل ہو رہی ہے اور اس تحریک سے ادبی شخصیتوں بالخصوص شعراء کی وابستگی تحریک کو مزید مستحکم بنا سکتی ہے۔شعراء اپنے کلام معہ مکمل تفصیلات بذریعہ ای ۔ میل بھی روانہ کر سکتے ہیں۔ ای ۔ میل پتہ [email protected] مزید تفصیلات فون نمبر 9246530266پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT