Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات کیلئے ریاست گیر مہم چلانے کانگریس قائدین کو مشورہ

مسلم تحفظات کیلئے ریاست گیر مہم چلانے کانگریس قائدین کو مشورہ

محمد علی شبیر کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی ستائش ، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے 2 سال قبل اقتدار حاصل ہونے کے 4 ماہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ 24 ماہ گذرنے کے بعد بھی وعدہ کو پورا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سارے تلنگانہ میں چیف منسٹر اور ٹی آر ایس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا پارٹی قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ اندرا بھون میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر کی جانب سے مسلم تحفظات پر پیش کردہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی ستائش کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مسلمان تعلیمی معاشی سماجی پسماندگی کا شکار ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے اس کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد مسلمانوں کے معیار زندگی کو اونچا کرنے کے لیے 2004 کے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 5 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور اقتدار حاصل ہوتے ہی اندرون دو ماہ اس پر عمل کیا ۔ عدالتی کشاکش کے بعد مسلمان 4 فیصد مسلم تحفظات سے بھر پور استفادہ کررہے ہیں ۔ کانگریس نے مسلمانوں سے وعدہ کیا اور اس کو پورا بھی کیا تاہم چیف منسٹر تلنگانہ نے مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا ہے ۔ انتخابات میں انہیں استعمال کیا اور کامیابی حاصل ہونے کے بعد فراموش کردیا ۔ 19 اپریل 2014 کو شاد نگر ضلع محبوب نگر میں منعقدہ انتخابی جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا اگر ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ 4 ماہ میں مسلمانوں کو تاملناڈو کی طرز پر تعلیم اور ملازمتوں میں 12 فیصد تحفظات فراہم کریں گے ۔ 24 ماہ گذرنے کے بعد چیف منسٹر نے مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے یہی نہیں اسمبلی میں چیف منسٹر نے 6 ماہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ ٹی آر ایس حکومت نے پہلے رمضان میں افطار پارٹی کا اہتمام کرتے ہوئے آئندہ رمضان تک مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا مگر ابھی تک مسلم تحفظات کے بارے میں جتنے بھی وعدے کئے گئے ان تمام وعدوں سے انحراف کیا گیا ۔ چیف منسٹر کو مسلمانوں سے کئے گئے وعدے کو یاد دلانے کے لیے مسٹر محمد علی شبیر نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا اہتمام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل 12 فیصد مسلم تحفظات کی تائید میں دستخطی مہم چلا رہے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مختلف طریقوں سے 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس کے تمام قائدین کو ہدایت دی کہ وہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اس کو کامیاب بنائے ۔ چیف منسٹر نے وقف بورڈ کو قانونی اختیارات دینے کا وعدہ کیا مگر آج تک وقف بورڈ ہی تشکیل نہیں دیا ناجائز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے قیمتی وقف اراضی وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا ابھی تک ایک انچ وقف اراضی بھی وقف بورڈ کے حوالے نہیں کی گئی ۔ گذشتہ سال 1100 کروڑ کا اقلیتی بجٹ منظور کیا گیا مگر اس میں 30 فیصد بجٹ بھی خرچ نہیں کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ حکومت کو وعدے یاد دلاتے ہوئے عوام کے ساتھ رہے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT