Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / مسلم خاتون کے ساتھ بد تمیزی کا معاملہ دونوں تلگو ریاستوں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ

مسلم خاتون کے ساتھ بد تمیزی کا معاملہ دونوں تلگو ریاستوں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ

فرزند کی گھناونی حرکت پر ریاستی وزیر اے پی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آندھرائی وزیر آر کشور بابو نے مسلم خاتون کے ساتھ ان کے فرزند کی بدتمیزی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا آندھرائی وزیر سے مطالبہ کیا ۔ اس واقعہ کے خلاف حیدرآباد اور گنٹور میں احتجاج منظم کرتے ہوئے وزیر کے فرزند کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ کل ایک مسلم خاتون نے آندھرائی وزیر کشور بابو کے فرزند پر نشے کی حالت میں ان سے بدسلوکی کرنے اور زبردستی اپنی کار میں بیٹھانے کی کوشش کرنے کا بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی تھی ۔ پولیس نے ابتداء میں صرف وزیر کے فرزند کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ احتجاج کے بعد وزیر کے فرزند کے خلاف نوٹس جاری کی گئی اور انصاف کرنے کا تیقن دیا یہ واقعہ دونوں تلگو ریاستوں میں موضوع بحث بن گیا اور مسلم خاتون اور ان کے رشتہ داروں نے آج بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے آندھرائی وزیر کے فرزند کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس طرح کا دھرنا گنٹور میں مہیلا کارکنوں کی جانب سے منظم کرتے ہوئے آندھرائی وزیر کے فرزند کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا گیا ۔ آج سے آندھرا پردیش اسمبلی کا بجٹ سیشن کا آغاز ہوا ہے ۔ آندھراپردیش کے تمام وزراء حیدرآباد میں ہیں ۔ آندھرائی وزیر آر کشور بابو نے اپنے فرزند کے خلاف عائد ہونے والے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قانون پر بھروسہ ہے ۔ اگر کسی خاتون کے ساتھ بدتمیزی ہوئی ہے چاہے یہ بدتمیزی ان کے فرزند نے بھی کی ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے ۔ تلنگانہ کی پولیس الزامات کی تحقیقات کررہی ہے ۔ تحقیقات سے قبل کسی کو بھی قصور وار ٹھہرانا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے پولیس تحقیقات میں رکاوٹ بننے اور پولیس پر دباؤ بنانے کی تردید کی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی نے بھی اس واقعہ پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر کی جانب سے اپنے فرزند کوصحیح تربیت دی جاتی تو آج یہ واقعہ پیش نہیں آتا تھا ۔ انہوں نے وزیر آر کشور بابو کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری استعفی دینے کا مطالبہ کیا ان کے فرزند کو گرفتار کرنے پر زور دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT