Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم لاوارث نعشوں کی تدفین کے لیے سیاست ملت فنڈ کو 50 ہزار روپئے کا عطیہ

مسلم لاوارث نعشوں کی تدفین کے لیے سیاست ملت فنڈ کو 50 ہزار روپئے کا عطیہ

روزنامہ سیاست کی خدمات برصغیر ایشیاء میں مثالی ، حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کے وفد کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کررہا ہے ۔ اس کے پروگرامس اور منصوبوں سے مسلمانوں بالخصوص نوجوان نسل کو کافی فائدہ ہورہا ہے ۔ آدھار کارڈ کی تیاری ہو یا مرکزی و ریاستی حکومتوں کی اسکالر شپس کا معاملہ روزنامہ سیاست سب سے آگے رہتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسکالر شپس فارمس اور شادی مبارک اسکیم کے فارمس کے آن لائن ادخال کے معاملہ میں بھی ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی خدمات کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے ۔ ہندوستان میں سیاست کو اس کی ملی خدمات کے باعث ایک منفرد مقام حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کے خازن حافظ محمد ظفر علی قریشی نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے لاوارث مسلم نعشوں کی تجہیزو تکفین سے متعلق سیاست کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر ایشیاء میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ اس موقع پر انہوں نے لاوارث مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کے لیے حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کی جانب سے سیاست ملت فنڈ میں 50 ہزار روپئے کا نقد عطیہ بھی پیش کیا ۔ واضح رہے کہ مسلم لاوارث نعشوں کی حرمت کی برقراری کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی ایماء پر سال 2010 میں لاوارث مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔ ہر میت کی تجہیز و تکفین پر 2500 تا 3000 روپئے کے مصارف آتے ہیں ۔ اس طرح سیاست کی کوششوں سے پچھلے 5 برسوں کے دوران تقریبا 3200 لاوارث مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کے انتظامات کئے گئے ۔ 700 نعشوں کی قبرستان حضرت جان اللہ شاہ افضل گنج میں تدفین عمل میں آئی اور یہ اہم کام حضرت مولانا حمید الدین عاقل ؒ کی سرپرستی میں انجام پایا تھا اس وقت قبرستان کی انتظامی کمیٹی کے صدر مولانا عاقل اور معتمد محمد خواجہ نعیم الدین تھے اس قبرستان میں جگہ نہ ہونے کے باعث ہاوزنگ بورڈ کالونی کوکٹ پلی فیس 4 کے قبرستان میں نعشوں کی تدفین عمل میں آنے لگی ۔ انتظامی کمیٹی کے صدر شیخ عبدالعزیز کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کے خازن حافظ محمد ظفر علی قریشی نے جو میڈیا سیل کے بھی نگران ہیں یہ بھی بتایا کہ کویت میں آندھرا اور تلنگانہ کے تقریبا 2.5 لاکھ باشندے مقیم ہیں ۔ جو کویت کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ حیدرآباد میں اس اسوسی ایشن کے کوآرڈینٹر سید فاروق علی ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کی جانب سے حیدرآباد میں سماجی خدمات انجام دی جاتی ہیں ۔ فی الوقت 305 طلبہ کو اسپانسر کیا جارہا ہے ، جو تیسری جماعت سے لے کر 9 ویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں ۔ حیدرآباد ویلفیر اسوسی ایشن کویت کا 1986 میں قیام عمل میں آیا تھا ۔ حاجی عبدالکریم صاحب اور کریم عرفان صاحب اس کے بانی ہیں جب کہ افتخار احمد صاحب ( صدر ) اور جنرل سکریٹری ، جناب عبدالعظیم صاحب ہیں ۔ حافظ محمد ظفر علی قریشی نے مزید بتایا کہ سیاست جو ملی خدمات انجام دے رہا ہے اسکی ہندوستان میں تقلید کی جانی چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT