Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم نوجوان روزگار کے مواقع سے استفادہ کریں

مسلم نوجوان روزگار کے مواقع سے استفادہ کریں

سلائی مشینوں کی حوالگی تقریب سے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور دوسروں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( دکن نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے آج روزگار کے امکانات وسیع تر ہوتے جارہے ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم نوجوان اس سے استفادہ کریں ۔ خاص طور پر سرکاری اسکیمات کے بارے میں تفصیلات ایک دوسرے تک پہنچانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان تعلیم و ہنر کے میدان میں محنت اور مہارت کے ذریعہ باوقار مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ مسلم لڑکیوں میں تعلیم کا شوق بڑھتا جارہا ہے اور کئی لڑکیاں نئے نئے کورس میں داخلہ حاصل کررہی ہیں ۔ چنانچہ پرانے شہر حیدرآباد کی ایک لڑکی نے آئی آئی ٹی میں قومی سطح پر 19 واں اور دوسری لڑکی نے 22 واں رینک حاصل کیا ۔ اور اب وہ ٹریپل آئی ٹی میں زیر تعلیم ہے لیکن دوسری طرف مسلم لڑکوں میں اپنے مستقبل کے تعلق سے لاپرواہی اور بے اعتنائی کا رجحان ہے چنانچہ چبوترہ کلچر اور دیگر غیر تعلیمی سرگرمیوں میں یہ نوجوان اپنی زندگی اور اپنی توانائیاں ضائع کرتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کی مختلف فلاحی اسکیموں میں فیض عام ٹرسٹ کا بہت بڑا رول ہے ۔ بالخصوص ملت کے تعلیمی مسائل کو حل کرنے میں جناب افتخار حسین نے سیاست کے ساتھ برابر کا تعاون کیا ہے ۔ انہوں نے آج کی اس تقریب میں سلائی مشینوں کی تقسیم کے سلسلہ میں جناب خلیق الرحمن کے گرانقدر تعاون کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ملت کی تعمیری سرگرمیوں میں شانہ بشانہ شریک رہیں گے ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے ووکیشنل سنٹرس کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ تربیتی پروگرام کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ خواتین اور لڑکیوں کو روزگار فراہم کرنے کے امکانات پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فیض عام ٹرسٹ ایم ڈی ایف کے پروگرامس کو کامیاب بنانے میں مکمل تعاون کرے گا ۔ انہوں نے سلائی اور دوسرے پیشوں کے ذریعہ تیار کردہ اشیاء کی مارکیٹنگ کو ناگزیر قرار دیا ۔ جناب محمد خلیق الرحمن کانگریسی لیڈر نے کہا کہ خواتین کے لیے معاون روزگار اسکیمات کو سرکاری سطح پر موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مہندی ڈیزائننگ ، بیوٹیشن جیسے کورس کے ذریعہ آمدنی کے ذریعے پیدا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کے ترقی یافتہ فلاحی اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں بعض قومی رضاکارانہ اداروں سے تعاون حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں گیارہ ووکیشنل سنٹرس کو مستقل حیثیت دی گئی ہے جہاں سال بھر سلوائی ، مہندی ڈیزائننگ ، بیوٹیشن اور دیگر کورس کا باقاعدہ انتظام ہے اس کے علاوہ ایک سنٹر کاماریڈی میں نہایت کامیابی کے ساتھ چلایا جارہا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے 12 سنٹرس کے ذمہ داروں میں سلائی مشینوں کی تقسیم کی ۔ اس تقریب میں سید افتخار مشرف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ، ایم اے قدیر ، خدیجہ سلطانہ ، ڈاکٹر ایوب حیدری ، محمد برکت علی ، سید اصغر حسین ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، سید انور الدین ، اے اے کے آمین ، ایم اے واجد ، محمد سرور ، احمد صدیقی مکیش ، محمد نصر اللہ خاں ، محمد فرید الدین کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT