Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / مشتاق احمد کی مکمل فوجی اعزازات کیساتھ تدفین

مشتاق احمد کی مکمل فوجی اعزازات کیساتھ تدفین

اے پی کے ڈپٹی چیف منسٹر نے غمزدہ خاندان کو 25 لاکھ کا چیک پیش کیا، شہید سپاہی کو پُراثر خراج
وجئے واڑہ 16 فروری (پی ٹی آئی) سیاچن میں برف کا تودا گرنے کے سبب شہید ہندوستانی فوجی سپاہی مشتاق احمد کے جسد خاکی کو آندھراپردیش میں ان کے آبائی گاؤں میں آج مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد لحد کردیا گیا۔ مشتاق احمد کے آبائی ضلع کرنول کی نمائندگی کرنے والے آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پرناپلی میں مشتاق کو ان کی تدفین سے قبل خراج عقیدت ادا کیا۔ متوفی سپاہی کے آخری دیدار اور جلوس جنازہ میں شرکت کے لئے گاؤں کے ہزاروں افراد جمع ہوئے تھے۔ کے ای کرشنا مورتی نے مشتاق کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت آندھراپردیش کی طرف سے بطور ایکس گریشیاء جاری کردہ 25 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی صدارت میں کل شام منعقدہ کابینی اجلاس میں شہید سپاہی مشتاق احمد کے افراد خاندان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء، ایک فرد خاندان کو سرکاری ملازمت کی فراہمی اور خاندان کو اراضی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ مشتاق احمد بھی ان 10 سپاہیوں میں شامل تھے جو 3 فروری کو سرحدی برفانی چوٹی سیاچن میں برف کا تودا گرنے کے سبب زندہ دفن ہوگئے تھے۔ ان کی نعش گزشتہ روز دہلی سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہونچائی گئی تھی جس کو بعدازاں کرنول پرناپلی گاؤں منتقل کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT