Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / مشکلات مزید ایک ماہ تک جاری رہیں گی : راجناتھ

مشکلات مزید ایک ماہ تک جاری رہیں گی : راجناتھ

ریواری ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ نوٹوں کی منسوخی سے پیدا شدہ دشواریاں مزید ایک ماہ تک جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے نوٹوں کی منسوخی کو سماجی و معاشی آزادی کے حصول کی سمت پہلا قدم قرار دیا۔ راجناتھ سنگھ نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی کہ مزید چند دن دشواریوں کو برداشت کریں کیونکہ یہ مرحلہ گذر جانے کے بعد تابناک مستقبل کی سمت کامیاب سفر کا آغاز ہوگا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ’’یہ کوئی معمولی فیصلہ نہیں تھا۔ ہم اعتراف کرتے ہیں کہ عوام کو کم سے کم ایک ماہ تک دشواریوں کا سامنا رہے گا لیکن طویل مدتی اعتبار سے یہ عمل فائدہ مند رہے گا۔ چند سیاسی جماعتیں اس کی مخالفت کررہے ہیں لیکن کچھ وقت کیلئے تکالیف برداشت کیجئے۔ ہمارا مستقبل درخشاں رہے گا‘‘۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ہندوستان کو سیاسی آزادی حاصل ہوچکی ہے لیکن ہمیں سماجی و اقتصادی آزادی کی ضرورت ہے۔ ہم اقتصادی عدم مساوات کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ 500 اور 1000 روپئے کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی اس سمت پہلا قدم ہے۔ اس سے ہندوستانی سیاست میں شفافیت پیدا کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔ مملکتی وزیر شہری ترقیات و امکنہ راؤ اندرجیت سنگھ کے زیراہتمام ’’شہیدوں کی ریالی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے پاکستان پر ہندوستان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے پڑوسی ملک کی مذمت کی۔ تاہم راجناتھ سنگھ نے ریالی میں ایک مرتبہ بھی ’’ایک رتبہ ایک وظیفہ‘‘ مسئلہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ ہریانہ کے چیف منسٹر منوہر لعل کھتر اور ہریانہ کے دیگر کئی وزراء نے بھی شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT