Sunday , May 28 2017
Home / کھیل کی خبریں / مصباح الحق دورۂ ویسٹ انڈیز کے لئے کپتان برقرار

مصباح الحق دورۂ ویسٹ انڈیز کے لئے کپتان برقرار

لاہور ۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے مصباح الحق کو آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ ٹسٹ سیریز کیلئے کپتان برقرار رکھنے کی تصدیق کردی ہے۔مئی میں 43 سال کے ہونے والے مصباح الحق نے کہا کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے دستیاب ہیں لیکن دورے کیلئے کپتان برقرر رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے۔تاہم پی سی بی چیئرمین نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ سمیت مسلسل چھ شکستوں سے دوچار ہونے والے مصباح الحق پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔شہریار خان نے کہا کہ مصباح نے مجھے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے دستیاب ہیں اور میں سلیکشن کمیٹی تک یہ پیغام پہنچا دوں گا کہ مصباح ہی کپتان ہوں گے۔پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 26 مارچ سے چار ٹی20 میچز سے ہو گا جس کے بعد تین ونڈیمیچوں کی سیریز کھیلی جائے لیکن محدود اوورز کی کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے مصباح ان دونوں سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچز میں شکست کے بعد مصباح الحق نے اپنا کیریئر ختم ہونے کا اشارہ دیا تھا لیکن سڈنی ٹسٹ میچ سے قبل ہی اپنا ذہن بدلتے ہوئے مزید کھیلنے پر اصرار کیا تھا۔آسٹریلیا کے خلاف 3-0 سے شکست دراصل پاکستان کی میزبان ملک میں 1999 کے بعد مسلسل چوتھی وائٹ واش شکست تھی۔پاکستان کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کی زیر قیادت پاکستان کو 53 میں سے 24 میچوں میں فتوحات نصیب ہوئیں جبکہ 18 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ باقی 11 ڈرا ہوئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT