Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / مصباح الحق 99 پر ناٹ آؤٹ‘پہلا ٹسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

مصباح الحق 99 پر ناٹ آؤٹ‘پہلا ٹسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

کنگسٹن۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 407 رنز بناکر 121 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد یاسر شاہ کی بہترین بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم کے چار بیٹسمینوں کو 93 رنز پر آؤٹ کرکے اپنا موقف مستحکم کرلیا ہے۔کنگسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹسٹ میں جب ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو انھیں پاکستان کی 121 رنز کی برتری کا سامنا تھا۔لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کریگ بریتھویٹ کو 22 کے اسکور پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی جس کے بعد کیرن پاول اور ہیٹمیر کے درمیان 50 رنز کی شراکت ہوئی تاہم یاسر شاہ نے ان کی شراکت کو ختم کردی۔شیمرون ہیٹمیر20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شے ہوپ کو 84 کے اسکور پر آؤٹ کرکے یاسر نے پاکستان کو تیسری کامیابی دلادی۔چوتھے دن کے اختتامی لمحات میں 49 رنز بنا کر پاکستان کے لئے مشکل نظر آنے والے بیٹسمین پاول کو یاسر شاہ نے آؤٹ کرکے میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط بنالی۔چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں پر 93 رنز بنا ئے ہیں  اور اسے پاکستان کی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 28 رنز درکار ہیں۔ قبل ازیں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے مدد نہ ملنے کے وجہ سے کپتان مصباح الحق 99 رنز پر ناقابل شکست رہے لیکن پاکستان نے چائے کے وقفے تک اپنی پہلی اننگز میں 407 بنا کر 121رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک پر جاری سیریز کے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 201 رنز کے ساتھ شروع کی تو بابر اعظم 72 اور یونس خان 58 رنز بنا کر تیسرے روز آخری سیشن میں پویلین کو لوٹ چکے تھے۔ ناٹ آؤٹ بیٹسمینوں مصباح الحق اور اسد شفیق نے نصف سنچری شراکت مکمل کی لیکن اسد شفیق 22 رنز بنا کر شینن گبرائیل کا نشانہ بنے ۔ سرفراز احمد نے تیزی کے ساتھ رنز سمیٹ کر اپنے کپتان کی سست روی کا ازالہ کیا اور چھٹی وکٹ پر بننے والی 88 رنز کی رفاقت نے پاکستان کو کھیل پر حاوی کر دیا جسے ویسٹ انڈیز پر برتری بھی مل چکی تھی۔ کھانے کے وقفہ پر پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں پر 322 رنز تھا تو سرفراز احمد اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے تھے۔ دوسرے سیشن میں مصباح الحق نے بھی اپنی نصف سنچری تک رسائی حاصل کرلی لیکن دیوندرا بشو نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنانے والے سرفراز احمد کو بولڈ کر دیا۔ محمد عامر گیارہ،وہاب ریاض 9 اور یاسر شاہ بھی محض آٹھ رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے تو سنچری کے قریب پہنچنے والے پاکستانی کپتان کو پہلا ٹسٹ کھیلنے والے محمد عباس پر اکتفا کرنا پڑا جو 21 گیندوں پر محض ایک رن بنانے کے بعد روسٹن چیز کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور مصباح الحق دوسرے سرے  پر 99 رنز کے ساتھ ناقابل شکست کھڑے رہ گئے جن کو یقینی سنچری سے محروم رہنا پڑا۔انہوں نے اپنی اننگز کے دوران پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبرائیل اور الزاری جوزف نے فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

TOPPOPULARRECENT