Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / مصباح القراء حضرت عبداللہ قریشی الازہری کا جسد خاکی سپردلحد

مصباح القراء حضرت عبداللہ قریشی الازہری کا جسد خاکی سپردلحد

مکہ مسجد میں نماز جنازہ ، مریدین و معتقدین کے بشمول ہزاروں افراد کی شرکت،انسانی سروں کا سمندر
حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد، مصباح القراء حضرت مولانا عبداللہ قریشی الازہری ملتانی چشتی افتخاری رحمۃ اللہ علیہ کی نماز جنازہ کے موقع پر تنگ دامنی کا شکوہ کررہی تھی۔ خطیب و امام مکہ مسجد کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر مکہ مسجد میں ادا کی گئی اور اُن کے جسد خاکی کو نقشبندی چمن احاطہ درگاہ حضرت عبداللہ شاہ صاحبؒ میں سپرد لحد کردیا گیا۔ مولانا عبداللہ قریشی الازہری کی نماز جنازہ اُن کے برادر مولانا حافظ عبدالعلیم قریشی خطیب و امام جامع مسجد چوک نے پڑھائی جبکہ صدر مفتی جامعہ نظامیہ حضرت مولانا مفتی عظیم الدین صاحب نے دعا فرمائی۔ قبل ازیں مفتی عظیم الدین صاحب کی امامت میں نماز ظہر ادا کی گئی۔ لاکھوں مریدین و معتقدین، مصلیان مکہ مسجد نے مصباح القراء کو بدیدۂ نم آخری سفر پر وداع کیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے نماز ظہر سے قبل وسیع تر انتظامات کرتے ہوئے شاہ علی بنڈہ سے چارمینار آنے والی سڑک کو بند کردیا گیا تھا۔ اسی طرح گلزار حوض سے چارمینار آنے والی ٹریفک کا رُخ تبدیل کردیا گیا تھا۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے لئے مسجد کے صحن کے پُر ہونے کے بعد مسجد کے روبرو سڑک پر عوام کو نماز ادا کرتے دیکھا گیا۔ شفاء خانہ یونانی میں خواتین کی کثیر تعداد جلوس جنازہ کا منظر دیکھنے کیلئے جمع تھی۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والی اہم شخصیتوں میں امیر جامعہ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ، مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ،

مولانا خواجہ شریف صاحب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ، مولانا سید قبول پاشاہ قادری شطاری، مولانا شیخ احمد محی الدین شرفی، مولانا سید صدیق حسینی عارف قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہ رحمۃ اللہ علیہ و درگاہ حضرت یحیٰی پاشاہ قادریؒ، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری، نبیرۂ حضرت افتخار علی شاہ وطنؒ مولانا حضرت سید انواراللہ حسینی افتخاری سجادہ نشین درگاہ حضرت نوراللہ حسینی افتخاریؒ، مولانا ڈاکٹر سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ، مولانا نعیم الدین حسامی، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا رحیم الدین انصاری، مولانا سید حبیب مجتبیٰ العیدروس، مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علمائے ہند تلنگانہ و آندھراپردیش، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی، مولانا نصیرالدین، مولانا حافظ شیخ محمد شبیر فیضی، مولانا عطاء اللہ نقشبندی، مولانا حامد حسین حسان فاروقی، مولانا اخلاق شرفی، مولانا سید سادات پیر بغدادی، مولانا صغیر احمد نقشبندی، مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد، مولانا حافظ عبدالصمد،مفتی نسیم اشرفی ، مولانا حافظ فاروق پاشاہ قادری ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل،

جناب عمر جلیل سکریٹری سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، جناب کے ایم عارف الدین، جناب مجید اللہ خاں فرحت ترجمان مجلس بچاؤ تحریک، جناب محمد سراج الدین (کانگریس)، جناب یوسف ہاشمی، جناب جابر پٹیل،  جناب علی بن ابراہیم مسقطی تلگودیشم، قاری عبدالقیوم شاکر،  جناب امجداللہ خان خالد سابق کارپوریٹر، جناب علی بن سعید الگتمی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ نماز ظہر سے قبل ہی مسجد کا اندرونی حصہ مکمل طور پر پُر ہوچکا تھا جبکہ نماز ظہر سے قبل کمشنر سٹی پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی، مسٹر انجنی کمار، مسٹر ناگی ریڈی، مسٹر ایم وی ستیہ نارائنا، مسٹر کے بابو راؤ، مسٹر اشوک چکرورتی نے مسجد میں مولانا عبداللہ قریشی الازہری کا آخری دیدار کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز ظہر سے قبل مصباح القراء کے بیشتر شاگردوں نے قرآن خوانی اور مختلف لحن میں قرأت کلام پاک پیش کی۔ قبل ازیں بارگاہ رسالتمآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جلوس جنازہ نقشبندی چمن کے لئے پیدل روانہ ہوا جوکہ براہ چارمینار، لاڈ بازار، محبوب چوک، حسینی علم، شبلی گنج، دودھ باؤلی، مسجد حکیم میر وزیر علی فتح دروازہ سے گزرتا ہوا مصری گنج میں واقع نقشبندی چمن پہونچا۔ جلوس جنازہ جامعہ نظامیہ لیجایا گیا جہاں کچھ وقت کے لئے مولانا عبداللہ قریشی الازہری کے جسد خاکی کو رکھا گیا اور اس موقع پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ حضرت مولانا عبداللہ قریشی الازہری  جوکہ عرصہ دراز سے نائب شیخ الجامعہ کے عہدہ پر فائز تھے اور حضرت کے ہزاروں شاگرد جامعہ نظامیہ کے فارغ ہیں جنھوں نے بدیدۂ نم جسد خاکی کو نظامیہ سے روانہ کیا۔ نقشبندی چمن میں حضرت کی تدفین عمل میں آئی۔ اس علاقہ میں بھی پولیس کا وسیع تر بندوبست دیکھا گیا۔ نماز جنازہ اور جلوس جنازہ میں جناب محمد شریف اور محمد غوث کے علاوہ دیگر مصلیان مسجد کو سرگرم انتظامات میں مصروف دیکھا گیا۔ اپنے محبوب عالم دین کی وداعی سے مغموم شہریان حیدرآباد نے مولانا عبداللہ قریشی الازہری کے برادر زادہ مولانا حافظ رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کو پرسہ دیا۔

آج تعزیتی جلسہ اور کل فاتحہ سیوم
حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) خطیب و امام مکہ مسجد مولانا عبداللہ قریشی الازہری ملتانی، چشتی، افتخاری کا جلسہ تعزیت زیرصدارت شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد 10 ڈسمبر بروز جمعرات 3 بجے دن جامعہ نظامیہ میں منعقد ہوگا۔ حضرت مولانا کی فاتحہ سیوم 11 ڈسمبر بروز جمعہ بعد نماز عصر جامعہ نظامیہ میں مقرر ہے۔ بعد نماز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں حضرت عبداللہ قریشیؒ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مریدین و معتقدین کے علاوہ مصلیان مسجد سے تعزیتی جلسے اور فاتحہ سیوم میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT