Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / مصباح کا عمران خان سے کوئی موازنہ نہیں : وسیم اکرم

مصباح کا عمران خان سے کوئی موازنہ نہیں : وسیم اکرم

کراچی  ۔10 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انھوں نے عمران خان سے بہتر کپتان دنیا میں نہیں دیکھا۔ ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوران میں نے مصباح الحق کے ساتھ کام کیا، وہ بہت اچھے کپتان ہیں لیکن ان کا عمران سے کوئی موازنہ نہیں ہے۔پاکستان کی جانب سے 104 ٹسٹ میچوں میں 414 وکٹیں حاصل کرنے والے اکرم نے کہا کہ  انھوں نے کرکٹ کی دنیا میں عمران سے بہتر کپتان کبھی نہیں دیکھا۔ مصباح کی کپتانی کا ریکارڈ بہتر ہے لیکن جب عمران کی بات کرتے ہیں تو میں نے ان سے بہتر کپتان کبھی نہیں دیکھا۔ وسیم اکرم نے دونوں کپتانوں کے تقابل کو ‘بے کار’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران ایک جارحانہ کپتان تھے جبکہ مصباح بالکل اس کے برعکس ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ‘مصباح، عمران خان سے بہتر کپتان ہیں’، جس پر کرکٹ کے ماہرین نے خوب تنقید کی  اور ورلڈکپ کے فاتح عمران خان کے حق میں جذبات کا اظہار کیا تھا۔بعد ازاں شہریار خان نے اپنے بیان پر وضاحت جاری کردی تھی۔

TOPPOPULARRECENT