Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / مصباح کیلئے عمر کوئی رکاوٹ نہیں:وقار

مصباح کیلئے عمر کوئی رکاوٹ نہیں:وقار

دبئی۔23 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کے خیال میں عمر کپتان مصباح الحق کے لئے رکاوٹ نہیں بنی ہے بلکہ 41 سال کی عمر میں بھی وہ انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مصباح الحق جس عمدگی سے اس وقت بیٹنگ کررہے ہیں پاکستان کو اب بھی ان کی ضرورت ہے۔ وقاریونس نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جس طرح مصباح الحق ٹسٹ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ عمر مصباح کے آڑے آرہی ہے بلکہ جوں جوں وہ کھیلتے جا رہے ہیں ان کی کارکردگی میں مزید نکھار آتا جارہا ہے۔ وہ مزید پختہ ہوتے جا رہے ہیں۔ یہی بات یونس خان پر بھی صادق آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عصر حاضر کے بیٹسمینوں میں مصباح الحق کی عمر سب سے زیادہ ہے اس لحاظ سے دیکھا جائے تو وہ جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ اس سے ان کے کھیل سے جنون کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ وقار یونس سے جب پوچھا گیا کہ آخری اوور میں اچانک جارحانہ انداز اختیار کر کے مصباح الحق کا سنچری مکمل کرنا کیا حکمت عملی کا حصہ تھا تو انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کے ذہن میں سنچری نہیں تھی۔ یہ مصباح کا انداز ہے کہ چائے کے وقفے سے پہلے کے آخری اوورز ہوں یا کھیل ختم ہونے سے قبل آخری اوورز میں وہ جارحانہ بیٹنگ کرنے لگ جاتے ہیں جس کا مقصد یہ ہوتا ہیکہ اس سے پہلے کہ بولر آپ پر حاوی ہو آپ اس پر حاوی ہوجائیں جس کے نتیجے میں آپ کو رنز بھی مل جاتے ہیں۔ وقاریونس نے کہا کہ دبئی ٹسٹ کا پہلا دن پاکستان کے لئے اچھا رہا۔ تین وکٹیں جلد گرجانے کے بعد دو اچھی شراکتیں ہوئیں اور خاص طور پر مصباح الحق نے صورتحال کو اچھی طرح قابو میں کیا۔

TOPPOPULARRECENT