Tuesday , September 26 2017
Home / عرب دنیا / مصری طیارہ کی ازبکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ

مصری طیارہ کی ازبکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ

قاہرہ ۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے ایرلائنس ’’ایجپٹ ایر‘‘ کے قاہرہ سے بیجنگ روانہ ہونے والے ایک طیارہ نے بم کے خطرہ کے سبب آج ازبکستان میں مجبوراً ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ مصر میں فضائی سفر کے دوران ہلاکتوں یا نقصانات کے حالیہ سلسلہ وار واقعات کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔ مصری طیارہ ایربس A-330-220 ازبک دارالحکومت تاشقند کے مغرب میں 840 کیلو میٹر دور ارغنچ ٹاؤن میں واقع ایک ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ عہدیداروں نے کہا ہیکہ طیارہ میں سوار تمام 135 مسافرین اور ارکان عملہ کے انخلاء کے بعد تلاشی لی گئی۔ تاہم اس دوران کوئی بم یا مشتبہ شئے کی دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ مصری عہدیداروں کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے قاہرہ ایرپورٹ پر سیکوریٹی ایجنسیوں سے ٹیلیفون پر ربط پیدا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طیارہ میں بم رکھا گیا ہے۔ بعدازاں سیکوریٹی ایجنٹوں نے طیارہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے فی الفور کسی قریبی ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ہدایت کی تھی۔ روسی خبر رساں ادارہ نووستی آر آئی اے نے کہا کہ ایجپٹ ایرطیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد ایرپورٹ بند کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT