Wednesday , September 20 2017
Home / عرب دنیا / مصری عدالت میں مرسی کو عمر قید کی توثیق

مصری عدالت میں مرسی کو عمر قید کی توثیق

قاہرہ ۔ /16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی ایک عدالت نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے خلاف ایک مقدمہ میں دی گئی عمر قید کو آج جائز قرار دیا ۔ یہ مقدمہ بالعموم قطر جاسوسی مقدمہ بھی کہا جاتا ہے ۔ مصر میں مرافعہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے سابق صدر مرسی کی ایک اپیل مسترد کردی اور کہا کہ عدالتی رولنگ قطعی اور ناقابل چیلنج ہے جس پر کوئی اپیل نہیں کی جاسکتی ۔ عدالت نے اس مقدمہ میں اخوان المسلمون کے تین سرکردہ ارکان کو دی گئی سزائے موت کی توثیق کی ہے ۔ مصر میں عمر قید کی مدت 25 سال ہوتی ہے ۔ مرسی کو اپنی صدارتی عہدہ استعمال کرتے ہوئے رازداری پر مبنی خفیہ دستاویزات کے افشاء اور قطر کو سرکاری رازوں کی فراہمی اس کے ٹیلی ویژن چیانل الجزیرہ کو بعض خفیہ دستاویزات کی فروخت کرنے کے جرم کا مرتکب قرار دیئے جانے کے بعد جون 2016 ء میں سزائے عمر قید دی گئی تھی ۔ مبینہ افشاء شدہ دستاویزات میں عام اور فوجی انٹلیجنس مسلح افواج کی معلومات اور سرکاری پالیسی کے ایسے راز بھی شامل تھے جن کے عام ہونے پر قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا تھا ۔ اس عدالت نے گزشتہ سال اکٹوبر میں مرسی کو 2012 ء کے دوران اتحادیہ صدارتی محل کے قریب عوام کو تشدد پر اکسانے کا جرم ثابت ہونے پر 20 سال قید کی توثیق بھی کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT