Tuesday , October 24 2017
Home / دنیا / مصر۔ ترکی تعلقات کی بحالی وقت کی اہم ضرورت

مصر۔ ترکی تعلقات کی بحالی وقت کی اہم ضرورت

انقرہ ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ تعلقات کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے اور دونوں مسلمان برادر ملک دوطرفہ تعلقات کو دوستانہ بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت کو محسوس بھی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شام میں جاری بحران کے کسی بھی حل میں صدر بشار الاسد کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ ترکی سے نشریات پیش کرنے والے ’خبر‘ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بن علی یلدرم نے کہا کہ شام میں امریکہ کی قیادت میں جاری فوجی آپریشن کا مقصد کرد ملیشیا کو دریائے فرات کے مشرق میں دوبارہ قابض کرانا ہے۔ شام کے بحران کے حل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کو نظر انداز کرکے شام کے بحران کو حل نہیں کیا جاسکتا ۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ شام میں کوئی بھی سیاسی سمجھوتہ ملک کی تمام نمائندہ قوتوں کو شامل کرنے ہی سے کامیاب ہوسکتا ہے۔ قبل ازیں ترک صدر رجب طیب ایردغان نے کہا تھا کہ مسلح تنظیم داعش کا شمالی شام میں غلبہ حاصل کرنا ترکی کے لیے باعث تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرد تنظیم ایک طرف ترکی کی مخالف ہے اور دوسری جانب وہ شام میں دولت اسلامیہ ’داعش‘ کی اتحادی ہے۔

TOPPOPULARRECENT