Wednesday , August 16 2017
Home / عرب دنیا / مصر میں نئی کابینہ کی حلف برداری ، شریف اسماعیل وزیراعظم

مصر میں نئی کابینہ کی حلف برداری ، شریف اسماعیل وزیراعظم

قاہرہ۔ 19 سپٹمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتہ کے روز ایک نئی 16 رکنی مصری کابینہ کو حلف دلایا۔ یاد رہے کہ پیشرو حکومت ایک کرپشن اسکینڈل کے سامنے آنے پر پچھلے ہفتے کے دوران مستعفیٰ ہوگئی تھی۔پیشرو کابینہ میں وزیر پیٹرولیم اور آزمودہ ٹیکنوکریٹ کے طور پر پہچانے جانے والے شریف اسماعیل اس نئی کابینہ میں وزیر اعظم ہوں گے ۔ سیسی نے سرکاری آئیل کمپنی کے سابق سربراہ طارق الملا کو وزیر پٹرولیم نامزد کیا ہے۔ طارق الملا کے ذمے ملک کے توانائی بحران کا حل نکالنا اور ملک کے اہم ترین شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہوگا۔سابق وزیراعظم ابراہیم محلب نے ماہ ستمبر کے دوران وزیر زراعت کی کرپشن اسکینڈل میں تحقیقات کے دوران حراست کے 12 دنوں کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سیسی کی جانب سے حکومت کے قیام کے بعد کابینہ میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر رد وبدل کا مقصد حکومت کو ازسرنو فعال بنانا ہے ۔کابینہ میں وزرائے خارجہ، دفاع، داخلہ، انصاف اور معیشت نے اپنے عہدے بدستور سنبھال رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ عراق اور شام کے بڑے حصوں پر قابض داعش نے مصر کے سب سے زیادہ سرگرم انتہاپسند گروپ کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ 2011ء کے انقلاب کے بعد پیدا شدہ سیاسی حالات کے نتیجے میں مصر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان کم ہوگیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT