Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / مصر کے دو گرجاگھروں میں داعش کے طاقتور دھماکے ، 45 ہلاک

مصر کے دو گرجاگھروں میں داعش کے طاقتور دھماکے ، 45 ہلاک

اتوار کے دعائیہ اجتماع کے دوران قاہرہ اور اسکندریہ کے گرجا گھر نشانہ ، 119 افراد شدید زخمی

قاہرہ ۔ /9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے تانتا اور اسکندریہ شہروں میں اتوار کے خصوصی دعائیہ اجتماع کے دوران دو گرجا گھروں میں آئی ایس آئی ایس کی جانب سے طاقتور دھماکے کئے گئے جس میں کم از کم 45 افراد ہلاک اور  تقریباً  120 زخمی ہوئے ۔ یہ خونریز حملے حالیہ برسوں میں شدید سمجھے جارہے ہیں جو مصر کی اقلیتی عیسائی برادری کو نشانہ بناکر کئے گئے ہیں ۔ پہلا دھماکہ مارگرگس کے کاپٹک چرچ میں کیا گیا ۔ یہ چرچ سینٹ جارج کی حیثیت سے بھی جانا جاتا ہے جو تانتا شہر کے دریائے نیل کے قرب واقع ہے ۔ یہ شہر قاہرہ سے 120 کیلو میٹر پر ہے ۔ وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کاپٹک چرچ پر کئے گئے حملے میں 27 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے ۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ایک شخص نے پام سنڈے دعائیہ اجتماع کے دوران چرچ کے اندر دھماکہ خیز شئے نصب کیا تھا ۔ تاہم دیگر نے کہا کہ یہ دھماکہ خودکش بم بردار نے کیا ہے ۔

چند گھنٹوں بعد اسکندریہ منشیا ضلع میں کاپٹک آرتھوڈکس کیتھڈرل کے سینٹ مارک چرچ پر بھی حملہ کیا گیا ۔ اس دھماکہ سے چرچ حال میں پہلی صف میں بیٹھے ہوئے افراد ہلاک ہوئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس دھماکہ میں 18 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوئے ۔ وزیر صحت احمد صمد کے حوالے سے ٹی وی چیانل نے بتایا کہ دونوں گرجا گھروں میں ہوئے دھماکوں میں جملہ 45 عیسائی ہلاک ہوئے ہیں ۔ دولت اسلامیہ گروپ نے دونوں گرجا گھروں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ آج کا دن عیسائی کیلنڈر کے مطابق سب سے مقدس دن مانا جاتا ہے ۔ داعش گروپ کے پروپگنڈہ نیوز ایجنسی عمق  نے اپنے سوشیل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا کہ کانتا اور اسکندریہ کے دونوں گرجا گھروں پر دولت اسلامیہ نے حملے کئے ہیں ۔ صدر مصر عبدالفتح السیسی نے ملک کے اہم اور خاص انفراسٹرکچر کے تحفظ کیلئے فوج تعینات کرنے کا تیقن دیا ہے ۔
مصر دھماکوں پر وزیراعظم مودی کا اظہار مذمت
نئی دہلی ۔ /9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے مصر کے دو گرجا گھروں میں ہوئے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ ان دھماکوں میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے صدمہ خیز اور تکلیف دہ ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT