Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / مصر کے لاپتہ طیارے کا ملبہ بحیرۂ روم سے مل گیا

مصر کے لاپتہ طیارے کا ملبہ بحیرۂ روم سے مل گیا

قاہرہ ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی فوج اور قومی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ایجپٹ ایئر کے طیارے کا ملبہ بحیرۂ روم سے مل گیا ہے۔ ایجپٹ ایئر ملبہ میں انسانی اعضائے جسمانی، نشستیں اور دیگر سامان شامل ہے۔ جمعہ کو مصر کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ اور مسافروں کا کچھ سامان مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ سے 290 کلومیٹر کیفاصلے پر سمندر سے ملا ہے۔ ایجپٹ ایئر نے بی بی سی کو طیارے کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی ہے۔ گذشتہ روز لاپتہ طیارے کی تلاش کا کام مصری، یونانی، فرانسیسی اور برطانوی فوجیوں نے یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب شروع کیا تھا۔ اس مسافر طیارے میں کل 66 افراد سوار تھے جن میں 15 فرانسیسی، 30 مصری، دو عراقی، جبکہ برطانیہ، بیلجیئم ، پرتگال، چاڈ، سوڈان، الجزائر ، کینیڈا، کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ سفر کر رہا تھا۔ مصری ایئر بس 320 نے قاہرہ ایئر پورٹ پر 20 منٹ میں لینڈ کرنا تھا جب یہ جہاز لاپتہ ہو گیا۔ مصر کی سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی سے زیادہ دہشت گردی کا ممکنہ خطرہ ’زیادہ مضبوط ہے۔‘ اس سے پہلے فرانس کے صدر فرانسواں اولاند نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پیرس اور قاہرہ کے درمیان لاپتہ ہونے والا مصری طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔ مصر کے صدر السیسی نے شہری ہوا بازی کی وزارتِ، فوج کی نگرانی میں چلنے والے ریسکیو سینٹر، نیوی اور فضائیہ کو جہاز کا ملبہ تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب پیرس کے چارلس ڈی گال ایئر پورٹ پر ممکنہ طور پر سکیورٹی انتظامات سے بچ نکلنے کے پہلو کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پیرس میں شدت پسندوں کے حملوں کے بعد ایئر پورٹ پر سکیورٹی کے پہلے سے ہی سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں جبکہ ایئر پورٹ کے چند ارکان سے شدت پسند تنظیموں سے ممکنہ تعلقات کے حوالے سے تحقیقات بھی کی گئء تھی لیکن ان اس میں کلیئرنس دے دی گئی۔ ان ملازمین کے ایک وکیل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ شدت پسندوں نے ایئر پورٹ کے عملے کو بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی۔ملبہ میں طیارہ کا ٹوٹا پھوٹا حصہ، نشستیں اور مسافرین کا سازوسامان ملا ہے۔

TOPPOPULARRECENT