Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / معرکۂ کربلا امت کیلئے عظیم درس: زاہد علی خاں

معرکۂ کربلا امت کیلئے عظیم درس: زاہد علی خاں

مسلمانوں کو صبر و شکر کے ذریعہ اللہ سے مدد طلب کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) معرکہ کربلا امت محمدیہ کیلئے ایک عظیم درس ہے جس میں شہادت امام حسین ؓ کے ذریعہ رب کائنات نے یہ پیغام دیا ہے کہ باطل قوتیں خواہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ہمیشہ حق غالب ہوکر رہتا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیام میں ملت اسلامیہ کو مشورہ دیا کہ صبر و شکر کے ذریعہ اللہ سے مدد طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ یزیدی قوتوں کے ظلم کی انتہاء کے باوجود نواسہ رسول ؐ نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا بلکہ شہادت کے ذریعہ یہ پیغام دیا کہ دین حق پر زندگی قربان کردینا ہی درحقیقت فتح و کامرانی ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے حضرت امام حسین ؓ کی جانب سے یزیدی لشکر کے آگے سرتسلیم خم نہ کرنے کے فیصلے کو حق کی پیروی اور باطل سے مقابلہ کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت امام عالی مقام نے امت محمدیہ کو باطل قوتوں سے نبردآزما رہنے کی اس عمل کے ذریعہ تعلیم دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہدائے کربلا کو خراج پیش کرنا درحقیقت ان کی تعلیمات بالخصوص صبر وشکر کواپناتے ہوئے ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے تیار رہنا ہے۔ ایڈیٹر سیاست نے ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانوں کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ یقینا ملک کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہوتے جارہے ہیں لیکن ان حالات میں بھی ہمیں واقعہ کربلا سے درس حاصل کرنے کی ضرورت ہے جہاں دریائے فرات کا پانی یزیدی قوتوںکی جانب سے بچوں پر بھی بند کردیا گیا تھا اس کے باوجود بھی امام حسین ؓ اور دیگر اہلبیت نے بھی صبر و شکر کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں مقتل میں بھی بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہوتے ہوئے امام عالی مقام نے نماز کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امت کو یہ درس دیا کہ خواہ وہ کسی حالت میں ہو اسے نماز ترک نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں ہمیں صبر و شکر کے ذریعہ اللہ سے مدد طلب کرنی چاہئے اور اس بات کی امید رکھنی چاہئے کہ اللہ ظالم حکمرانوں کا خاتمہ یقینا یزید کی طرح کرے گا اور پرچم حق بلند ہوکر رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT