Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / !معصوم لڑکی کے آنکھوں سے خونی آنسو

!معصوم لڑکی کے آنکھوں سے خونی آنسو

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : قدیم شہر میں ایک ساڑھے تین سالہ معصوم لڑکی عجیب و غریب بیماری کا شکار ہوچکی ہے ۔ شہر کے کئی ایک دواخانوں اور دیگر ریاستوں کے دواخانوں میں علاج کے باوجود شفایابی نہیں مل رہی ہے ۔ علاج میں بے شمار روپیہ خرچ ہورہا ہے لیکن شفایابی نہیں مل پا رہی ہے۔ والد کی ماہانہ تنخواہ علاج کے لیے نا مکمل ہونے کی وجہ سے والدین آسرا دینے والے ہاتھوں کے انتظار میں ہیں ۔ فلک نما ڈیویژن وٹے پلی کے علاقہ کنٹہ شاہ بابا درگاہ کے قریب رہنے والے محمد افضل ، نازیہ بیگم کے دو بچے ہیں ۔ پہلا لڑکا ساڑھے چار سال کا ہے جب کہ دوسری لڑکی ساڑھے تین برس کی ہے ۔ لڑکی پیدائش کے بعد سے عام بچوں کی طرح ہی تھی اور 18 ماہ قبل لڑکی کو اچانک ایک دن ناک اور منہ سے خون بہنے لگا ۔ والدین نے مقامی دواخانہ سے رجوع کیا جہاں ڈاکٹر کے بڑے دواخانوں سے رجوع کرنے کے لیے کہا تو والدین نے اسریٰ ہاسپٹل ، اویسی ہاسپٹل ، درشہوار ہاسپٹل ، یشودھا ہاسپٹل ، کامنینی ہاسپٹل ، لٹل اسٹار ہاسپٹل ، سی ایم سی مدراس ، تامل ناڈو ، بنگلور اور ڈاکٹر اودیے ملٹی ہاسپٹل میں معصوم لڑکی کا علاج کروایا ۔ ڈاکٹرس نے تمام ٹسٹوں کے بعد اس نتیجہ پر پہونچے کہ لڑکی کو ’ ہیمو ٹوہیڈروسس ‘ نامی بیماری لاحق ہے ۔ لڑکی کے ہنسنے اور رونے پر خون ہی بہتا ہے جب کہ کسی کے بھی ہنسنے یا رونے پر آنسوں آتے ہیں مگر اس لڑکی کی آنکھوں سے خون جاری ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے والدین بے حد پریشان ہیں ۔ لڑکی کے خونی نلیوں میں باریک سوراخوں کے ذریعہ ناک ، کان ، آنکھ اور منہ سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے ۔ فی الحال بنجارہ ہلز میں رینبو ہاسپٹل کے ڈاکٹرس علاج کررہے ہیں ۔ والدین اہل ثروت کی جانب سے امداد کے انتظار میں ہے ۔ لڑکی کے والد محمد افضل یاقوت پورہ کے ایک جم میں ٹرینر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہیں جن کی ماہانہ یافت 8 ہزار روپئے ہے جو مکان کے کرایہ اور ضروریات زندگی کے لیے ہی ناکافی ہیں ۔ لڑکی کے علاج کے لیے گھر میں موجود تمام قیمتی اشیاء مع زیور فروخت کردیا گیا ہے ۔ اس کے باوجود 18 ماہ کے عرصہ میں 8 لاکھ روپئے کا قرض کرچکے ہیں ۔ لڑکی کے والد کے مطابق ماہانہ علاج و دوائیوں کے لیے ماہانہ 8-12 ہزار روپئے کا خرچ آتا ہے ۔ محمد افضل نے ریاستی وزیر اعلی کے سی آر اور اہل ثروت افراد سے گزارش کی ہے کہ ان کی معصوم لڑکی کے علاج و معالجہ کے ذریعہ شفایابی میں تعاون کریں جو حضرات مدد دینا چاہتے ہیں وہ اس سیل نمبر 9849865850 پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT