Tuesday , July 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / معین علی کو 10 وکٹیں، جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست

معین علی کو 10 وکٹیں، جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست

لارڈز۔10 جولائی (سیاست ڈ اٹ کام ) انگلش آل راؤنڈرمعین علی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔لارڈز میں کھیلے گئے ٹسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 119 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے 216 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی اور میچ پر اس کی گرفت بہت مضبوط تھی۔تاہم جنوبی افریقی بولروں نے چوتھے دن کے پہلے سیشن میں شاندار بولنگ سے انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے اور پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم نے 63 رنز بناتے ہوئے سات وکٹیں گنوائیں۔182 رنز پر آٹھ وکٹئں گرنے کے بعد جونی بیئراسٹو نے مارک ووڈ کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے 45 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی برتری میں اضافہ کیا لیکن 28 رنز بنانے والے ووڈ کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی اس شراکت کا بھی خاتمہ ہو گیا۔کیشپ مہاراج کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بیئراسٹو کے آؤٹ ہوتے ہی انگلینڈ کی اننگز 233 رنز پر ختم ہوئی لیکن پہلی اننگز کی برتری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کیلئے 331 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک 69، کیٹن جیننگز 33 گیری بیلنس 33 اور بیئراسٹو 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ مورنے مورکل اور کگیسو ربادا نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔331 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم شروع سے ہی پریشانیوں میں گھری رہی اور معین علی کی شاندار بولنگ کا کسی بھی مہمان بیٹسمین کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔28 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے 36 رنز جوڑ کر اسکور کو 64 تک پہنچایا ہی تھا کہ معین نے وکٹ کیپر کاک کی وکٹیں بکھیر کر جنوبی افریقہ کے ان فارم بیٹسمین کو پویلین کی راہ دکھادی۔اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ دیر ٹہر نہ سکا اور پوری ٹیم 119 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔افریقہ کے لئے ہینو کوہن 9، ڈین ایلگر 2، ہاشم آملہ 11، جین پال ڈومینی 2، کوئنٹن ڈی کوک 18، ٹیمبا باووما 21، تھینس ڈی برون ایک، ورنن فلینڈر 19، کیشپ مہاراج 10، کگیسو ربادا 4 اور مورنی مورکل نے 14 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 53 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں اور مجموعی طور پر میچ میں دس وکٹیں لیں اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT