Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / معین علی 2016 میں انگلینڈ کے کامیاب ترین آل راؤنڈر

معین علی 2016 میں انگلینڈ کے کامیاب ترین آل راؤنڈر

لندن۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے 2016 میں ٹسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ میں اپنا نام جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر کیلس اور انگلینڈ کے آئن بوتھم کے ساتھ درج کروا لیا ہے۔2016 میں معین علی ٹسٹ کرکٹ میں 1000 رنز اور 30 وکٹیں حاصل کرکے ایک سال میں یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق معین علی نے ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹسٹ میں ایشانت شرما کی گیند پر رن لے کے یہ اعزاز حاصل کیا  تھا اور سابق مشہور آل راؤنڈر کیلس اور بوتھم کی فہرست میں شامل ہوگئے۔بوتھم پہلے کھلاڑی تھے جنھوں نے 1982 میں ایک سال کے دوران ٹسٹ کرکٹ میں 47 وکٹوں کے ساتھ 1095 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔جنوبی افریقہ کے کیلس 2001 میں 1120 رنز بنانے کے علاوہ 35 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے تھے۔تاہم اگر تینوں کھلاڑیوں کا موازنہ کیا جائے تو معین علی نے اس ایک سال کے دوران زیادہ میچ کھیلے ہیں، بوتھم نے 1982 میں 13، کیلس نے 2001 میں 14 ٹسٹ کھیلے تھے جبکہ معین علی نے انگلینڈ کی جانب سے 2016 کے تمام 17 میچوں میں نمائندگی کی۔معین علی نے آسٹریلیا، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ہندوستان سمیت تمام بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر سال کے آخر میں 1078  رنز بنائے جبکہ ہندوستان کے خلاف دورے میں دو سنچریاں بنانے والے سرفہرست انگلش بیٹسمینوں میں بھی شامل ہوئے ۔معین علی 2016 میں ایک ہزار سے زیادہ رنزبنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ اس فہرست میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی حکمرانی ہے۔انگلینڈ کے جیوروٹ اس فہرست میں اب تک 1477 رنز بنا کر سہرفہرست ہے، انگلینڈ کے ہی جونی بیئراسٹو 1470 رنز بنا کر دوسرے، کپتان الیسٹر کک 1270 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 2016 میں 1215 رنز بنائے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی 950 رنز بنا کر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں اور انھیں آسٹریلیائی کپتان پر برتری حاصل ہے جنھوں نے 914 رنز بنا رکھے ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال کا آخری ٹسٹ میچ 26 دسمبر کو شروع ہوگیا ہے جہاں دونوں کھلاڑیوں کو اپنا موقف بہتر بنانے کا موقع ہے جس میں اظہر علی نے پہلے ہی نصف سنچری اسکور کرلی ہے۔

TOPPOPULARRECENT