Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / معین کی برق رفتار سنچری، تیسرے ونڈے میں انگلینڈ فاتح

معین کی برق رفتار سنچری، تیسرے ونڈے میں انگلینڈ فاتح

l گیل کے تیزرفتار 94رنز رائیگاں
l روٹ کا ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا انگلش ریکارڈ
l 370 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز 245 رنز پر ڈھیر

برسٹل۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ نے معین علی کی جارحانہ اوربرق رفتار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو تیسرے ونڈے میں 124 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنائے جس میں جیوروٹ 84 اوربین اسٹوکس 73 رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن اننگز کی خاص بات معین علی کی برق رفتار سنچری تھی۔ معین نے ساتویں نمبر پر آ کر صرف 57 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے میگوئل کمنز تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔نشانہ کے تعاقب میں کرس گیل کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بیٹسمین لیام پلنکٹ کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکا۔کرس گیل ایک مرتبہ پھر اپنی سابق روایتی فارم میں نظر آئے اور 78 گیندوں پر نو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے لیکن بدقسمتی سے رن آؤٹ کے نتیجے میں ان کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔اس کے علاوہ جیسن محمد 38 اور جیسن ہولڈر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے اور پوری ٹیم 40ویں اوور کی پہلی گیند پر 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل راشد تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔انگلش کپتان روٹ نے ایک موسم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔روٹ نے 79 گیندوں پر 84 کی اننگز کھیل کریہ کارنامہ انجام دیا، رواں سمر روٹ کے مجموعی رنز 1300 سے متجاوز ہوگئے ہیں۔اس سے قبل کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا انگلش ریکارڈ سابق کپتان گراہم گوچ کے نام تھا، جوانھوں نے 1990 میں 1277رنز بناکر کر قائم کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT