Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / مغربی بنگال : لگاتا ر بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم

مغربی بنگال : لگاتا ر بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم

کولکتہ؍9اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ اور جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں کل سے تیز بارش اور آندھی کی وجہ سے ایک طرف جہاں مختلف مقامات پر درختوں کے گرنے کے نتیجے میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے وہیں نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ نہیں ہورہی ہے اور ان کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑا جارہا ہے ۔چوں کہ طیاروں کی آمد نہیں ہورہی ہے اس لیے یہاں سے پرواز میں بھی تاخیر ہورہی ہے ۔مسافروں کو ائیر پورٹ پر سخت مشکلات کا سامنا ہے اور سیکڑوں افراد ائیر پور ٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کل تک تیزآندھی اور بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔تیز ہوا اور بارش کی وجہ سے ہفتے کے پہلے کام کے دن معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے ۔کئی علاقوں میں پانی بھرگیا ہے اور متعدد مقامات پر درخت گرے ہوئے ہیں ۔کولکتہ شہر کے علی پور، سالٹ لیک ، ہاجرہ ،دھرم تلہ میں ٹریفک کافی سست ہے ۔ درگاپوجا کی طویل تعطیل کے بعداسکول و کالج اور دیگر کئی ادارے آج کھل رہے تھے ۔مگر بارش کی وجہ سے اسکولوں و کالجوں میں طلباء کی حاضری کافی کم ہے ۔کئی اسکولوں نے آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال پر ہوا دباؤ بنا ہوا ہے ۔اس کی وجہ سے مغربی بنگال کے کنگائی علاقے ، شمالی اڑیسہ اور جھاڑ کھنڈ کے مشرقی علاقے میں تیز بارش اگلے دو دنوں تک ہونے کی توقع ہے ۔خلیج بنگال میں طوفان 45سے 55کلو میٹر کی رفتار سے چل رہا ہے ۔جس کے بنگال اور شمالی اڑیسہ کے ساحل پر کل تک پہنچنے کی توقع ہے ۔مچھیروں کو مشورہ دیا گیا ہے اس درمیان وہ سمندر میں نہ جائیں ۔ مشرقی ریلوے نے بتایا کہ صبح11بجے تک ٹرین سروس معمول کے مطابق چل رہی ہے مگر موسم کے موجودہ مزاج سے ایسا لگ رہا ہے کہ کچھ ای ایم یو لوکل ٹرینیں تاخیر سے چل سکتی ہے ۔شمال مشرقی ریلوے کے ترجمان سنجے گھوش نے بتایا کہ شمال مشرقی ریلوے میں تمام ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT