Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / مغربی بنگال میں بی جے پی لیڈر کے مکان میں بم دھماکہ، ایک ہلاک

مغربی بنگال میں بی جے پی لیڈر کے مکان میں بم دھماکہ، ایک ہلاک

ایرپورٹ کے قریب بموں کی تیاری، میڈیا نے کوئی اہمیت نہیں دی، این آئی اے بھی خاموش
کولکتہ ۔ 17 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ کے ڈم ڈم ایرپورٹ علاقہ میں واقع بی جے پی لیڈر کی ملکیت اپارٹمنٹ میں زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شخص بری طرح زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر اس دھماکہ کے بعد مکان مالک مانک داس بیدیا اور اس کے دو لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ بیدیا نے بی جے پی ٹکٹ پر دو مرتبہ بلدی انتخابات میں مقابلہ کیا تھا۔ دھماکہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ اپارٹمنٹ کی دیوار منہدم ہوگئی اور کمرہ کے بعض حصوں کو کافی نقصان پہنچا۔ یہ دھماکہ جس مقام پر ہوا وہ کولکتہ ایرپورٹ سے زیادہ دور نہیں ہے، جہاں 16 اگست سے مغربی بنگال کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز عمل میں آنے والا تھا ۔ یوم آزادی سے قبل چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ بعض گروپس ریاست میں پرامن صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے انٹلیجنس ایجنسیوں کی اطلاعات کے حوالہ سے یہ بات بتائی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ مغربی بنگال میں سرکردہ میڈیا نے اس خبر کو نمایاں نہیں کیا ۔ یہاں تک کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے نے بھی دھماکہ کے بارے میںکوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ کولکتہ پولیس نے جمعہ کو بڑا بازار علاقہ میں ایک گودام سے 22 تھیلے دھماکو مادوں کی خام اشیاء برآمد کی۔ ان میں 500 کیلو سلفر ، 600 کیلو المونیم نائیٹریٹ وغیرہ شامل ہیں۔ کولکتہ پولیس کے سی آئی ڈی پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ بارکپور پولیس کمشنریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ڈم ڈم موتی لال کالونی نزد کولکتہ ایرپورٹ گیٹ نمبر 2 واقع پہلی منزل پر بعض افراد خفیہ طور پر بم تیار کر رہے تھے۔ زوردار دھماکہ کے بعد مقامی افراد نے پولیس کو مطلع کیا اور کچھ ہی دیر میں پولیس یہاں پہنچنے پر دیکھا گیا کہ دو لوگ بالائی دیو اور سدیپ دیو بری طرح زخمی ہیں۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ یہ دونوں بم تیار کرنے والے ہیں۔ انہیں پہلے ڈم ڈم میونسپل ہاسپٹل لے جایا گیا ، اسکے بعد پولیس نے انہیں آر جی کر ہاسپٹل منتقل کیا۔ بالائی دیو کو مردہ قرار دیا گیا ۔ کمشنر پولیس بارکپور نیرج کمار سنگھ نے بتایا کہ دھماکہ کے مقام پر 6 غیر مستعملہ بم اور چند موبائیل نمبرس وغیرہ برآمد ہوئے۔ ڈم ڈم موتی لال علاقہ کے عوام نے کہا کہ یوم آزادی کی نصف شب کو زوردار دھماکہ کی آواز سنائی دی۔

TOPPOPULARRECENT