Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / مغربی بنگال کے نام کی تبدیلی پر اسمبلی میں خصوصی بحث

مغربی بنگال کے نام کی تبدیلی پر اسمبلی میں خصوصی بحث

کلکتہ18اگست(سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کے مسئلہ پر حکمراں جماعت ترنمو ل کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔بی جے پی نے بنگال کا نام تبدیل کرنے کی مخالفت کی ہے وہیں کانگریس نے نام تبدیل کرنے کی مخالفت کرنے کے بجائے مشورہ دیا ہیکہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ایک کمیشن بنایا جائے جو ریاست کے دانشور ، ماہرین تعلیم سے مشورہ کرکے کوئی حتمی رائے قائم کرے گی۔مغربی بنگال اسمبلی کے اسپیکر بمان بنرجی نے نام تبدیل کرنے پر آل پارٹی میٹنگ بلائی تھی جس میں بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے نام تبدیل کرنے کی تجویز کو یکسر خارج کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے بنگال کی تاریخ کومسخ کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ہم بنگال کے نام سے مغربی ہٹانے کی تجویز کی مخالفت کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت کو خط لکھیں گے کہ وہ ریاستی حکومت کی اس تجویز کو منظور نہ کریں ۔کانگریس نے کہا کہ صرف نام تبدیل کرنے کا فیصلہ ممبران اسمبلی نہیں کرسکتے ہیں ، یہ بہت ہی اہم فیصلہ ہے ، ہمیں ریاست کے عوام کے جذبات اور خیالات کا جاننا ضروری ہے ۔ سینئر کانگریسی رہنما اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عبد المنان نے کہا کہ ہم اسپیکر کو مشورہ دیتے ہیں وہ اس معاملے میں کمیشن قائم کریں تاکہ لوگوں کی رائے معلوم کی جائے ۔سی پی ایم نے حکومت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہیکہ یہ جلدبازی میں لیا گیا فیصلہ ہے ۔اسپیکر بمان بنرجی نے اس معاملے اسمبلی کا خصوصی سیشن 26اگست کو طلب کیا ہے اور 29اگست کو اس پر بحث ہوگی ۔چوں کہ اسمبلی میں ترنمول کانگریس کو تین دہائی اکثریت حاصل ہے اسلئے یہ تجویز پاس ہوجانا یقینی ہے ۔

 

اسمبلی کے باہر ڈی ایم کے
ارکان کا احتجاج
چینائی۔/18اگسٹ،( سیاست ڈاٹ کا م ) اپوزیشن لیڈر ایم کے اسٹالن کی زیر قیادت ڈی ایم کے ارکان اسمبلی نے آج ٹاملناڈو اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ ایک دن قبل ایوان میں رخنہ اندازی کے الزام میں ایک ہفتہ کیلئے پارٹی ارکان کو معطل کردیا گیا تھا۔ ارکان اسمبلی جو کہ یہاں دھرنا دے رہے ہیں یہ الزام عائد کیا کہ انہیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔ ڈی ایم کے رکن اسمبلی سی وی ایم پی ایڈھی لارسن نے کہا کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی کو سکریٹریٹ کے اندر واقع ان کے کمروں تک جانے سے روک دیا جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT