Friday , October 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مغربی کلچر کے اثرات کو زائل کرنے بھرپور مساعی

مغربی کلچر کے اثرات کو زائل کرنے بھرپور مساعی

بیدر میں جماعت اسلامی کے اجلاس سے امیر مقامی محمد معظم کی مخاطبت
بیدر۔13؍اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بے قصور نوجوانوں کو جیلوں سے باہر نکالنا، تعلیمی نظام پر فسطائی اور مغربی کلچر کے ہونے والے اثرات کو زائل یا کم کرنے کی کوشش، ملی کاز کیلئے تمام امور میں متحدہ طورپر مل جل کر مضبوط اجتماعیت کے ذریعہ کوشش، اور اس ملک میں عدل وقسط کاقیام، معروف اخلاقی قدروں کافروغ، اور ملک میں صالح اقدار کی بازیافت جماعت اسلامی ہند بیدر کے میقاتی منصوبہ میں شامل ہے۔ اس کیلئے آج کایہ اجلاس طلب کیاگیاہے۔ یہ بات جناب محمدمعظم امیرمقامی جماعت اسلامی ہند بید رنے کہی۔ وہ آج بیدر کے مغل گارڈن فنکشن ہال میں جماعت اسلامی ہند بیدرکے 4سالہ میقاتی منصوبہ کی معززین شہر کے سامنے تفہیم کررہے تھے۔ انھوں نے آئندہ چار سال کیلئے کئے جانے والے جماعت اسلامی بید رکے کاموں کاتعارف کراتے ہوئے کہاکہ سدبھاؤنا منچ کا قیام ہوگا، مسلم اور غیر مسلم صحافیوں سے ملاقاتیں ہوں گی تاکہ وہ اسلام کے حق میں اپنے قلم کا استعمال کرسکیں۔ سیول سرویسس بیداری پیدا کی جائے گی تاکہ ملک کی تعمیر میں ملت اسلامیہ اپنا رول اداکرسکے۔ بہمنی سلاطین اور عادل شاہی حکمرانوں کی تاریخ کے ضمن میں بیدر میں تاریخی کانفرنس ہوگی۔ غیرمسلمین میں کام کے ضمن میں آٹو رکشاؤں میں اسلامی لٹریچر، ہورڈنگس اور بک اسٹال کااہتمام ہوگا۔ خدمت خلق کیلئے فیض پورہ بستی کو منتخب کیاگیاہے جبکہ جماعت عمومی طورپر 116بیواؤں کو وظائف دیتی ہے۔ فیض پورہ میں کلینک کاقیام عمل میں آئے گا۔ سلائی سنٹر سے اب تک 130خواتین فارغ ہوچکی ہیں ،سلائی سنٹر کو مستحکم بنایاجائے گا۔ ایس آئی ، جی آئی او، یوتھ ونگ ، آئیٹا، اے پی سی آر، ایچ آرایس ، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن، اور مجلس العلماء یہ وہ ادارے ہیں جو جماعت کی زیرسرپرستی بیدر میں چلتے ہیں۔ معززین شہر سے تعاون عمل کی گذارش کی جاتی ہے۔ امیرمقامی کے مقامی منصوبہ کی تفہیم کے بعد اس پر معززین شہر سے تبادلہ خیال کیاگیا۔جناب کفایت اللہ صدیقی صدرعالمی منہاج القرآن نے جماعت کے منصوبہ کے بارے میں کہاکہ اس کی بہت ساری باتیں قابل قبول ہیں۔ خصوصاًانسانی ہمدردی اولیاء اللہ کاطریقہ رہاہے۔ مولانا عبدالغنی خطیب وامام نے مسلمانوں سے کہاکہ وہ انسانیت کیلئے کام کرنے اٹھ کھڑے ہوں ۔ اورجماعت نے جومنصوبہ بنایا ہے اس کے تحت آگے بڑھنے کی اللہ توفیق دے۔ مولانا افسر ندوی نے کہاکہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا نہ رہیں۔ غیرمسلم بھائیوں تک بار بارپہنچ کر اسلام پہنچایاجائے۔ اور ایسا کرنا نبی کریم ؐ کا اسوہ رہاہے ۔مولانا مونس کرمانی صدر صفابیت المال اور صدر مجلس العلماء بید رنے کہاکہ جمہوری ملک میں رہتے ہوے بچوں ، خواتین ، اور بزرگوں کی فلاح وبہبود کے لئے قرآن وسنت کی روشنی میں جو منصوبہ بنایاگیاہے ، اس میں اللہ کی مدد شامل حال ہو۔مؤظف انگریزی مدرس محمدابراہیم نے بتایاکہ خدمت خلق کے کام میں امت مسلمہ کاتعاون بے حد ضروری ہے۔ حامد محی الدین قادری سکریٹری جمعیت اہل حدیث بیدر نے کہاکہ جماعت کے بنائے ہوئے میقاتی منصوبہ کی میں بھرپورتائید کرتاہوں ، اللہ اس منصوبہ کو کامیاب کرے۔ موسیٰ محی الدین قادری ایڈوکیٹ ،محمدسراج الدین صدر جامع مسجد بید ر،ڈاکٹر عبدالرؤف ، مولانا محمدعزیر ، سید شمیم پٹیل صدر ضلع وقف کمیٹی نے بھی خطاب کیا۔جناب رفیق احمد ناظم علاقہ گلبرگہ نے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی ہند کے نصب العین کاتعارف کرایا ۔ اور کہاکہ یہ منصوبہ جماعت کا نہیں ہر مسلمان کا منصوبہ ہے۔ چند افراد سے اقامت دین کا کام ممکن نہیں ۔ پوری ملت اس طرف متوجہ ہو۔مولوی محمدفہیم الدین سابق رکن شوریٰ جماعت اسلامی کرناٹک نے ’’زادِ راہ‘‘ کے عنوان پر معززین شہر سے کہاکہ ایمان کاتقاضہ غلبہ ٔ دین کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ ساری دنیا مل کر نورِ حق کو بجھانا چاہے تو بجھانہ پائے گی ۔ معززین شہر کے اس اجلاس میںمذکورہ افراد کے علاوہ مرزا اعظم بیگ امیرجمیعت اہل حدیث ، غوث قریشی ، محمدآصف الدین ، محمدیونس خان ، محمدشریف، سید ارشاد احمد ایشین ایجنسیز، سید مختار، مرزاانصر بیگ مدرس، محمداکرام الدین صدر الامین ڈسڑکٹ کمیٹی ، جناب عبدالرزاق رکن الامین ڈسٹرکٹ کمیٹی، شفیع ریاض القادری، فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب کمیٹی بید ر، انجینئر اخترمحی الدین ، سید صغیر احمد نائب صدر خادم الحجاج ، عبدالصمد بھارتی مؤرخ ، سید حامد علی ، نثاراحمد ایمس کالج، عبدالسلیم بگدلی، سید عبدالقدوس مینجر کے ایم ڈی سی وغیرہ موجودتھے۔ نظامت کے فرائض محمدعارف الدین اور محمدظفراللہ خان معاون امرائے مقامی نے انجام دئیے۔

TOPPOPULARRECENT