Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مغل پورہ میں ہمہ مقصدی اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر مکمل

مغل پورہ میں ہمہ مقصدی اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر مکمل

پرانے شہر میں کھیل کود کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ، مقامی عوام کا اظہار مسرت
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں ہمہ مقصدی اسپورٹس کامپلکس افتتاح کے لئے تیار ہے اور بہت جلد مغلپورہ پلے گراؤنڈ میں تعمیر کئے گئے اسپورٹس کامپلکس کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیر کئے گئے اس انڈور اسپورٹس کامپلکس میں نوجوانوں کے لئے مختلف کھیلوں کی سہولتیں موجود ہیں ان سہولتوں سے مقامی نوجوانوں کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں کے نوجوانوں کو زبردست فائدہ ہوگا اور پرانے شہر میں کھیل کود کی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی توقع ہے۔ بلدی عہدیداروں کے بموجب گرمائی تعطیلات سے قبل اس اسپورٹس کامپلکس کے افتتاح کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ گرمائی تعطیلات کے دوران اس کامپلکس میں کھیل کود کی سرگرمیوں کا آغاز اور ان میں اضافہ ممکن ہے۔ گذشتہ تین برسوں سے زیر تعمیر اس اسپورٹس کامپلکس کے مغلپورہ سوئمنگ پول سے متصل ہونے کے سبب اس میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ کی توقع کی جا رہی ہے علاوہ ازیں انڈور اسپورٹس کامپلکس کے علاوہ سامنے موجود کھلی اراضی پر بھی کھیل کود کی سرگرمیوں کی گنجائش موجود ہے۔علاوہ ازیں اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر میں نئی عمارت کے عقب میں موجود اسکیٹنگ کی سہولت کو جوں کا توں برقرار رکھا گیا ہے اور کرکٹ کے لئے موجود کھلی جگہ بھی برقرار ہے۔ مقامی عوام نے اسپورٹس کامپلکس کی عاجلانہ تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح اس میدان میں موجود ریڈنگ روم جو کہ پرانے شہر کے قدیم ریڈنگ رومس میں شمار کیا جاتا ہے اس کا مسئلہ حل کرتے ہوئے اسے بھی ترقی دی جائے تومقامی نوجوانوں کو کھیل کود کے ساتھ ساتھ اس مقام پر مطالعہ کی سہولت بھی میسر آنے لگے گی۔سال 2014میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مغلپورہ اسپورٹس کامپلکس کے تعمیراتی کاموں کا 7.2کروڑ کی لاگت سے آغاز کیا گیا تھا اور اب یہ اسپورٹس کامپلکس مکمل کیا جا چکا ہے ۔ مغلپورہ پلے گراؤنڈ میں موجود ریڈنگ روم کا مسئلہ حل نہ ہونے کے سبب یہ قدیم عمارت ویسے ہی برقرار ہے لیکن اگر منتخبہ عوامی نمائندے اور متعلقہ محکمہ جات اس مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے نئی عمارت کی تعمیر کو ممکن بناتے ہیں تو ایسی صورت میں مغلپورہ اسپورٹس کامپلکس نہ صرف اسپورٹس کامپلکس رہے گا بلکہ ایک بہترین یوتھ کامپلکس میں تبدیل ہوجائے گا جہاںنوجوانوں کو نہ صرف کھیل کود بلکہ مطالعہ کی سہولتیں بھی ہمہ وقت دستیاب رہ سکیں گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT